سرینگر //سرینگر میں پولیس نے چھتہ بل سرینگر اور براری پورہ نوا کدل میں ہوئے گرنیڈ حملوں میں ملوث افراد کی گرفتاری عمل میں لاکراْن کے قبضے سے بارودی مواد برآمد کرکے ضبط کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس نے ایف آئی آر زیر نمبر 59/2018زیر دفعات 307,427آر پی سی اور 3/4ایکٹ کے تحت پولیس اسٹیشن صفا کدل میں درج کیس کی تحقیقات کے دوران مشتبہ شخص باسط احمد ملک ولد محمد اشرف ملک ساکنہ نو پورہ صفا کدل کی گرفتاری عمل میں لائی۔ تفتیش کے دوران گرفتار نوجوان نے بتایا کہ عادل قیوم نجار ولد عبدالقیوم نجار ساکنہ گلشن آباد نورباغ کے ہمراہ اْس نے چھتہ بل اور براری پورہ نوا کدل میں دو گرنیڈ حملے کئے۔مزید پوچھ تاچھ کے بعد پولیس نے ایک گرنیڈ برآمد کیا۔ عادل کمار نجار سے بھی پوچھ تاچھ کی گئی اور اْس کے کہنے پر پولیس نے 1.2کلو بارودی مواد اور ڈٹونیٹر برآمد کئے۔ تفتیش کے دوران گرفتار افراد نے بتایا کہ وہ تاریخی جامع مسجد نوہٹہ میں نماز جمعہ کے بعد گرنیڈ حملے کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔ اس ضمن میں مزید تحقیقات جاری ہے۔