سری نگر//سرینگر بانہال ریل سروس دوسرے روز بھی معطل رہی جس دوران ریل سفر کرنے والے مسافروں کا کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔جنوبی کشمیر میں احتجاجیوں نے مبینہ طور پر ریل پٹریوں اور سگنل سسٹم کو پہنچائے گئے نقصان کی وجہ سے سرینگر سے بانہال کے درمیان چلنے والی ریل سروس سنیچر کو مسلسل دوسرے روز بھی معطل رہی تاہم سرینگر سے بارہمولہ کے درمیان ریل سروس معمول کے مطابق جاری رہی۔ ریلوے حکام کے مطابق جنوبی کشمیر کے کئی علاقوں میں ریلوے ٹریک اور سگنل سسٹم کو ہوئے نقصان کو ٹھیک کرنے کا کام جاری ہے اور جونہی مرمت کا کام مکمل ہوجائے گا ریل خدمات کو عین اُسی وقت بحال کردیا جائے گا۔نوجوانوں کے ایک گروپ نے جمعہ کے روز آرونی علاقہ میں مبینہ طور پر پٹریوں کو اُکھاڑنے کے علاوہ سگنل سسٹم کو بھی سخت نقصان پہنچایا تھا۔ احتجاجی نوجوان سیکورٹی فورسز کی طرف سے گرفتار کئے گئے چند نوجوانوں کی رہائی کا مطالبہ کررہے تھے۔