سیول//جنوبی کوریا کے صدر مون جے ان نے آج کہاکہ شمالی کوریا کے لیڈر کم جونگ اون نے کوریائی جزائر کو مکمل طورپر نیوکلیائی ہتھیار سے پاک بنانے اور امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ساتھ ہونے والی مجوزہ چوٹی کانفرنس کے تعلق سے اپنے عزم کی پھر سے تصدیق کی ہے ۔مسٹر مون نے سیول میں ایک پریس کانفرنس میں یہ اطلاع دی۔اس سے پہلے سنیچر کو جنوبی کوریا کے صدر مون جے ان اور شمالی کوریا کے لیڈر کم جونگ اون کے مابین اچانک ہوئی ملاقات کے بعد دونوں لیڈروں نے اس بات پر رضامندی ظاہر ہے کہ مسٹر ٹرمپ اور مسٹر اون کے مابین 12جون کو سنگاپور میں ہونے والی مجوزہ چوٹی کانفرنس پہلے سے طے شدہ پروگرام کے مطابق کامیابی کے ساتھ ہوگی۔واشنگٹن میں مسٹر ٹرمپ سے ملاقات کرنے کے بعد جمعرات کی صبح سیول واپس آئے مسٹر مو ن امریکہ اور شمالی کوریا کے مابین مجوزہ چوٹی کانفرنس کو پٹری پر لانے کی کوشش کررہے ہیں۔ مسٹر مون نے کہاکہ امریکی صدر شمالی کوریا کے ساتھ دشمنی کے تعلقات کو ختم کرکے دو طرفہ اقتصادی تعاون شروع کرنا چاہتے ہیں۔خیال رہے کہ مسٹر ٹرمپ نے شمالی کوریا کے لیڈر کم جونگ اون کے ساتھ 12جون کو سنگاپور میں ہونے والی مجوزہ ملاقات کومنسوخ کرنے کا اعلان کیا تھا۔یو این آئی