نئی دہلی//وزارت خارجہ نے پاکستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر سید حیدر شاہ کو طلب کر کے پاکستان حکومت کے ’گلگت بلتستان آرڈر8 201‘ کے خلاف سخت احتجاج درج کرایا۔ پاکستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر کو یہ واضح طور پر بتایا گیا کہ گلگت بلتستان علاقہ سمیت مکمل جموں و کشمیر ریاست 1947 میں اس کے حصول کے بعد سے ہی ہندوستان کا اٹوٹ حصہ ہے۔ پاکستان کی جانب سے جموں و کشمیر ریاست کی سرحدی علاقہ کے کسی بھی حصے میں زبردستی اور غیر قانونی طور پر کسی بھی قسم کی چھیڑ چھاڑ کو قطعی قبول نہیں کیا جائے گا۔ پاکستان کو غیر قانونی طور پر قبضہ کئے گئے علاقوں کی سرحدی علاقے میں تبدیلی کرنے کے بجائے فوری طور پر انہیں خالی کرنا چاہئے۔ پاکستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر کو یہ بھی واضح طور پر بتایا گیا کہ اس طرح کے حکم سے پاکستان غیر قانونی طور پر قبضے میں لیے گئے جموں و کشمیر کے حصوں میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے معاملات کو چھپا نہیں سکتا۔