گاندربل//زوجیلا کے مقام پر لداخ کی طرف جارہی ایک اینووا گاڑی پر بھاری بھرکم پتھر گر آیا جس کے نتیجے میں ایک مسافر موقع پر ہی لقمہ اجل بن گیا ۔پولیس ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ سرینگر سے لداخ کی طرف جارہی ایک اینووا گاڑی زیر نمبر 8742/کو اس وقت حادثہ پیش آیا جب پانی متھہ زوجیلا کے مقام پر پہاڑ سے ایک بھاری بھرکم پتھر گاڑی پر گر آیا جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار 21سالہ نربو ولد تندیب دورجے ساکن لیہہ موقع پر ہی لقمہ اجل بن گیا ۔پولیس ذرائع کے مطابق گاڑی میں سوار ڈرائیور سمیت مزید چار افراد معجزاتی طور بچ نکلے ۔ کرگل پولیس نے لاش کو اپنی تحویل میں لیکر قانونی لوازمات پورے کرکے اسے ورثاء کے حوالے کردیا۔ادھربی ہامہ گاندربل میں سنیچرکو سونمرگ سے آرہی سیاحوں کی گاڑی اور آٹو لوڈ کیریئر کے درمیان زبردست ٹکر کے نتیجے میں نسیم باغ حضرت بل سرینگرکا شہری لقمہ اجل بن گیا۔سونہ مرگ سے آرہی ٹیمپو ٹراولر زیر نمبر JKO2AQ_8863 کی ٹکر مخالف سمت سے آ رہے آٹو لوڈ کیریئر زیر نمبر JK16_2675 کے درمیان بی ہامہ گاندربل کے مقام پر ٹکر ہوئی جس کے نتیجے میں سیاحوں سمیت کئی افراد زخمی ہوگئے تھے جن میں سے عاشق الہی ڈار ولد غلام محمد ساکنہ نسیم باغ حضرت بل سرینگر کی موت واقع ہوگئی.جبکہ وسیم احمد آخون ولد غلام احمد ساکنہ چھانہ پورہ حبک حضرت بل سرینگر صورہ میڈیکل انسٹیچوٹ میں زیر علاج ہے۔خاتون سیاح الفا اجے زوجہ اجے ساکنہ ممبئی مہاراشٹر بھی زیر علاج ہے دیگر زخمیوں کو مرہم پٹی کرکے رخصت کردیا گیا۔پولیس نے معاملے کی نسبت کیس زیر نمبر 86/2018 درج کیا ہے۔