سرینگر//پیپلز لیگ کے قائمقام چیئرمین سید محمد شفیع نے جامع مسجد سرینگر کے گردونواح کو فوجی حصار میں تبدیل کرکے یہاں نمازیوں پر پلٹ فائرنگ اور ٹیئرگیس شلنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامیہ یہاں کے خرمن امن خود اپنی کاروائیوں سے آگ لگادیتی ہے۔لیگ نے خان سوپوری کی مسلسل نظربندی کو انتقام گیری کی بدترین مثال قرار دیا ہے۔ پیپلز لیگ کے ایک اور دھڑے کے وائس چیئرمین محمد یاسین عطائی نے جامع مسجد سرینگر میں نمازیوں پر طاقت کے استعمال کی مذمت کی ہے۔محاذ آزادی کے صدر سید الطاف اندرابی نے کہا ہے کہ کشمیرکی عظمت اورتقدس کی عظیم نشانی جامع مسجد کے اندر گولیوں،پلیٹ اور شلنگ کا استعمال کرکے انسانیت اور جمہوریت کے دعویدار بے نقاب ہوگئے ہیں۔پیروان ولایت کے سربراہ مولانا سبط محمد شبیر قمی نے تاریخی جامع مسجدمیں نہتے روزہ داروں اور نمازیوں پر فورسز کی بربریت پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک منصوبہ بند سازش کے تحت اس تاریخی و مذہبی مقام کی شناخت کو مٹانے کی کوشش کی جارہی ہے جو کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی حرکتیں مداخلت فی دین ہے جن کا انجام عبرتناک ہوگا۔