کولگام// پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کے نائب صدر محمد سرتاج مدنی نے کہا کہ اگر علیحدگی پسند قائدین واقعی جموں وکشمیر کے لوگوں کے ہمدرد ہیں تو انہیں بغیر کسی پیشگی شرط مذاکرات کی میز پر آنا چاہیے۔ انہوں نے مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کے بیان کہ ’وہ حریت کانفرنس سے مذاکرات کے لئے تیار ہیں‘ کو ایک مثبت پہل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس بیان سے پی ڈی پی کا موقف مستحکم ہوا ہے۔ واضح رہے کہ مرکزی وزیر داخلہ نے 25 مئی کو نئی دہلی میں ایک ٹیلی ویژن چینل کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت کشمیر کے تمام متعلقین بشمول حریت کانفرنس سے بات چیت کرنے کیلئے تیار ہے۔ پی ڈی پی نائب صدر نے پیر کے روز یہاں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا ’یہ ایک بہت ہی مثبت اقدام ہے۔ راجناتھ سنگھ جی نے کہا ہے کہ وہ پاکستان اور حریت کے ساتھ بات کرنا چاہتے ہیں۔ مجھے لگتا ہے کہ ان (علیحدگی پسند قائدین اور پاکستان) کو ایک مثبت جواب دینا چاہیے۔ اگر یہ جموں وکشمیر کے لوگوں کے ہمدردی ہیں تو انہیں بغیر کسی شرط کے سامنے آکر بات چیت کرنی چاہیے‘۔ انہوں نے مزید کہا ’یہ ایک مثبت پہل ہے۔ اس سے ہماری جماعت کا موقف مستحکم ہوا ہے۔ مسئلہ کشمیر حل بات چیت سے ہو، یہ ہماری جماعت کا بنیادی موقف ہے۔ پچھلی بار بھی کوشش ہوئی تھی۔ کل جماعتی وفد یہاں آیا تھا لیکن بدقسمتی سے ان کے لئے اپنے دروازے بند کئے گئے۔ تب سے لیکر اب تک دنیشور شرما جی (مذاکراتکار) کوشش کررہے ہیں‘۔