سرینگر// ٹی آر سی گرائونڈ سرینگر میں آج کشمیر ہارورڈ انڈر 16انٹر سکول کرکٹ ٹورنامنٹ کا میچ کھیلا گیا ۔ اس یک طرفہ میچ میں طاہرہ خانمز سکول نے لٹل ایجنلز سکول راجباغ کو دس وکٹوں سے شکست سے دوچار کردیا۔سٹیٹ کرکٹ اکیڈمی آف سپورٹس کونسل اور امبلین کی شراکت سے منعقدہ اس ٹورنامنٹ کے تیسرے میچ میں پہلے لٹل اینجلز نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کی۔ پہلے بلے بازی کرتے ہوئے لٹل اینجلز کی پوری ٹیم 66رن بنا کر آئوٹ ہوگئی۔ایک موقعے پر مذکورہ کرکٹ ٹیم 54رن 4کھلاڑیوں کے آئوٹ ہونے پر کھیل رہی تھی لیکن بعد میں صرف مزید 12رن بنا کر16ویں اوور میں پوری ٹیم سمٹ گئی۔تسفین نے سب سے زیادہ 15رن اسکور کئے جبکہ افنان نے بھی 10رن بنائے۔ خانمز سکول کی طرف سے عدنان نے عمدہ بالنگ کرکے چار اووروں میں 12رن دے کر تین وکٹ حاصل کئے۔شفاعت نے بھی تین وکٹ حاصل کئے جبکہ جنید، عامر اور عامر اقبال نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں طاہرہ خانمز سکول کے کھلاڑیوں نے احتیاط سے کھیلتے ہوئے پہلے دو اووروں میں تین رن اسکور کئے اورایک اوور میڈن رہا جبکہ دونوں اوپنر بیٹس مین شاہد اور عامر فاروق نے بال پر نظریں جما کر عمدہ سٹروک کھیلتے ہوئے اپنی ٹیم کو بنا کوئی وکٹ کھوئے کامیابی کی طرف گامزن کردیا۔عامر فاروق نے 36جبکہ شاہد نے 19رن اسکور کئے۔ اس موقعے پر سٹار کرکٹر اور سپورٹس کونسل کے کوچ عابد نبی بھی مہمان خصوصی کی حیثیت سے موجود تھے۔