لکھنؤ// مرکز نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر میں فائر بندی نہیں کی گئی ہے بلکہ جنگجوئوں کیخلاف آپریشن معطل کئے گئے ہیں۔مرکزی حکومت کی چار سال کی کامیابیوں کوبیان کرنے پارلیمانی حلقہ میں آئے وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت علیحدگی پسندوں سے بات چیت کرنے کیلئے تیار ہے مگر اس کے لئے سازگار ماحول کا ہونا ضروری ہے ۔وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں وادی کشمیر میں امن چین میں رکاوٹ پہنچانے والی کسی بھی کوشش کا سیکورٹی فورس منہ توڑ جواب دیں گے۔سنگھ نے صحافیوں سے کہا، ’’رمضان المبارک کے نام پر سیکورٹی فورسز کے ہاتھوں کو قطعی باندھا نہیں جا سکتا۔ وادی میں امن چین برقرار رکھنا سیکورٹی فورسز کی ترجیح ہے اور اگر کسی نے اس میں خلل پہنچانے کی کوشش کی تو اسے کرارا جواب ملے گا۔ ہم نے ایسا کیا بھی ہے۔ سیکورٹی فورسز نے حال ہی میں پانچ جنگجوؤں کو ہلاک کر دیا۔انہوں نے یہ بات واضح کی کہ جنگجوئوں کیخلاف آپریشن بند نہیں کئے گئے ہیں بلکہ ماہ رمضان کی وجہ سے آپریشنز کو معطل کیا گیا ہے۔انکا کہنا تھا’’یہ کوئی سیز فائر نہیں بلکہ عارضی طور پر آپریشن معطل کئے گئے ہیں‘‘۔انہوں نے کہا کہ فوج اس بات کیلئے آزاد ہے کہ وہ جوابی کارروائی کرے۔راجناتھ سنگھ نے کہا ’’ ملک کی خودمختاری اور سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا،ہم جنگجوئوں اور شر پسند عناصر کے خلاف موثر طریقے سے کارروائیاں کررہے ہیں‘‘۔وزیر داخلہ نے کہا کہ نریندر مودی سرکار میں داخلی اور خارجی محاذوں پر ملک کی سالمیت اور اسکے تحافظ کو یقینی بنایا گیا ہے اور ابھی تک سیکورٹی فورسز کیساتھ جھڑپوں میں کل ملا کر619عسکریت پسند جاں بحق ہوگئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ موجودہ مرکزی سرکار کس قدر اس معاملے میں سنجیدہ ہے۔انکا کہنا تھا کہ سابق کانگریسی دور حکومت میں مارے گئے جنگجوئوں کی تعداد صرف 471رہی۔تاہم راجناتھ سنگھ نے سیکورٹی فورسز کو ہوئے جانی نقصان کے بارے میں اعداوشمار پیش نہیں کئے۔انہوں نے کہا کہ سرحدوں کو محفوظ بنانے کیلئے نیا سرحدی سیکورٹی نظام متعارف کرایا جارہا ہے، جس کے تحت سرحدوں پر ایل ای دی لائٹس اور نئے تکنیکی راڈار نصب کئے جائیں گے۔ سنگھ نے وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) حکومت کی کامیابیوں کا کریڈٹ سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کو دیتے ہوئے کہا کہ ان کی طرف سے شروع کی گئی ترقیاتی منصوبوں سے سبق لیکر موجودہ حکومت ملک کو ترقی کے راستے پر لے جا رہی ہے۔