سرینگر// کاکہ پورہ پلوامہ میں شہری ہلاکت کے معاملے کا بشری حقوق کے ریاستی کمیشن نے نوٹس لیا ہے۔چیئرمین جسٹس بلال نازکی نے ریاستی پولیس سربراہ کو27جولائی سے قبل مکمل تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔ پلوامہ کے کاکہ پورہ علاقے میں 27اور28مئی کی درمیانی شب جنگجوئوں نے فوج کے کیمپ پر حملہ کیا، جس کے دوران ایک فوجی اہلکار ہلاک ہوا۔ اس دوران ایک عام شہری بلال احمد گنائی،جو کہ سومو چلا رہا تھا،بھی واقعہ میں جاں بحق ہوا۔اس سلسلے میں بشری حقوق کارکن اور انٹرنیشنل فورم فار جسٹس کے چیئرمین محمد احسن اونتو نے کمیشن میں عرضی پیش کی،جس میں کہا گیا کہ فوج کی50آر آر سے وابستہ اہلکاروں نے سوموڈرائیور پر بلا وجہ گولیاں چلائیں۔ عرضی میں کہا گیاہے کہ ایک طرف مرکزی سرکار نے رمضان میں فائر بندی کا اعلان کیا اور دوسری جانب از خود اس فائربندی کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔عرض گزار نے درخواست کی ہے کہ ریاستی انسانی حقوق کمیشن اس واقعہ کا نوٹس لے اور اپنی تحقیقاتی شعبے کو اس واقعہ کی تحقیقات کرنے کی ہدایت دیں۔ سرکار کی طرف سے ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل اور چیف پراسکیوٹنگ افسر ایس ایچ آر سی کی موجودگی میں جسٹس(ر) بلال نازکی نے ریاستی پولیس سربراہ کو اس معاملے میں تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔کیس کی آئندہ شنوائی27 جولائی کو مقرر کی گئی ہے۔