سرینگر//آرمی کمانڈر ناردرن کمانڈ لفٹینٹ جنرل دیو راج امبو ،جن کی اگلا وائس چیف آف آرمی سٹاف کے طور پر تقرری کی گئی ہے ، راج بھون میں گورنر این این ووہرا سے ملاقی ہوئے ۔ گورنر نے جنرل امبو کے ساتھ سیکورٹی صورتحال اور بین الاقوامی سرحد و ایل او سی پر سیز فائیر ایگریمنٹ کی خلاف ورزی سے پیدا شدہ مشکلات اور نقصانات کے علاوہ آنے والے امر ناتھ جی یاترا کے سلسلے میں کئے جا رہے سیکورٹی انتظامات پر سیر حاصل بحث کی ۔ گورنر نے لفٹینٹ جنرل امبو کے ساتھ ماہ صیام کے دوران اعلان شدہ فائیر بندی سے متعلق بھی بات چیت کی ۔ اسکے بعد لیفٹنٹ جنرل امبو نے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی سے ملاقات کی ۔ میٹنگ کے دوران آرمی کمانڈر نے ریاست کی کلہم سیکورٹی صورتحال سے متعلق وزیر اعلیٰ کو مطلع کیا بالخصوص ماہِ صیام کے دوران فائر بندی کے بعد پیدا شدہ صورتحال کے بارے میں بھی باخبر کیا ۔ وزیر اعلیٰ نے آرمی کمانڈر کو دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کے ساتھ تال میل رکھتے ہوئے کام کرنے کا مشورہ دیا اور انہیں اس بات کو یقینی بنانے پر زور دیا کہ فائیر بندی کے دوران پیدا شدہ اُمید قایم رہے اور اسے آگے لے جانے کے اقدامات کئے جائیں ۔ انہوں نے فوج کو ماہِ مقدس کے دوران لوگوں کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کرنے کی تاکید بھی کی ۔ لیفٹنٹ جنرل امبو نے وزیر اعلیٰ کو ریاست میں سرحدوں پر بالخصوص بین الاقوامی سرحد پر موجودہ صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا ۔ انہوں نے ان علاقوں میں رہایش پذیر لوگوں کے تحفظ اور سیکورٹی کیلئے اٹھائے جا رہے اقدامات کے بارے میں بھی تفصیلات پیش کیں ۔