نئی دہلی//اعلیٰ تعلیم ، تکنیکی تعلیم اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وزیر مولوی عمران رضا انصاری نے انسانی وسائل کی ترقی کے مرکزی وزیر پرکاش جاویڈکر کے ساتھ ملاقات کی اور انہیں ریاست جموں کشمیر کی اعلیٰ تعلیم کو استحکام بخشنے کا مطالبہ کیا ۔ نئی دہلی میں مرکزی وزیر کے ساتھ ملاقات کے دوران ریاستی وزیر نے تعلیمی سیکٹر بالخصوص اعلیٰ تعلیم سے متعلق کئی معاملات زیر بحث لائے ۔ انصاری نے جموں اور سرینگر میں آرکیٹیکچر ٹاؤن پلاننگ کے دو کالجوں کیلئے 50 کروڑ روپے کے خصوصی فنڈ کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے وومن کالج ایم اے روڈ سرینگر اور وومن کالج گاندھی نگر جموں میں کالجز آف نرسنگ قایم کرنے کیلئے 50 کروڑ روپے کی خصوصی رقم کا مطالبہ کیا ۔ انصاری نے ریاست کے نئے منظور شدہ 26 ڈگری کالجوں کے بنیادی ڈھانچے کو معرض وجود میں لانے کیلئے 260 کروڑ روپے کا خصوصی فنڈ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ۔ وزیر موصوف نے مرکزی وزیر کو بتایا کہ محکمہ اعلیٰ تعلیم نے پہلے ہی ریاست میں چند اور کلسٹر یونیورسٹیوں کو قایم کرنے کے سلسلے میں اقدامات کئے ہیں ۔ انصاری نے مرکزی وزیر کو بتایا کہ یو جی سی نے جموں یونیورسٹی کے کیمپسز کیلئے سال 2011 میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی کیلئے ون ٹایم گرانٹ منظور کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس گرانٹ کی پہلی قسط 2012 میں واگذار کی گئی لیکن چند وجوہات کی بنا پر یو جی سی کی طرف سے مقرر شدہ ڈیڈ لائین مارچ 2015 تک پوری نہیں کی جا سکی اور اس طرح سے تعمیراتی کام رقومات کی عدم دستیابی کی وجہ سے روکنا پڑا ۔ انہوں نے مرکزی وزیر سے گذارش کی کہ وہ یو جی سی کو ان پروجیکٹوں کی تکمیل کے سلسلے میں مقررہ تاریخ کو بڑھائیں اور باقی ماندہ رقم کیمپسز کو مکمل کرنے کیلئے واگذار کی جائے ۔ انصاری نے وزیر اعظم خصوصی سکالر شپ سکیم کے تحت اور زیادہ کورسز کو چلانے پر زور دیا ۔ مرکزی وزیر نے انصاری کو مرکزی حکومت کی طرف سے مکمل تعاون کی یقیمن دہانی کی ۔ تا کہ ریاست جموں کشمیر میں تعلیم کے معیار کو بلند کیا جا سکے ۔ اعلیٰ تعلیم کے وزیر نے کشمیر یونیورسٹی ، جموں یونیورسٹی ، بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی اور اسلامک یونیورسٹی فار سائینس اینڈ ٹیکنالوجی اونتی پورہ میں اضافی بنیادی ڈھانچے کو معرض وجود میں لانے اور ہوسٹلوں کی تعمیر کیلئے وزیر اعظم کے ترقیاتی پروگرام کے تحت 100 کروڑ روپے کی فنڈنگ کا مطالبہ کیا ۔ انصاری نے کلسٹر یونیورسٹیوں ، انجینئرنگ کالج صفا پورہ کشمیر اور کٹھوعہ جموں میں قایم کرنے کیلئے باقی ماندہ 164.56 کروڑ روپے کی رقم کی واگذاری کا مطالبہ کیا ۔