نئی دہلی// سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آ ف انڈیا کے صوبہ دہلی شاخہ کی جانب سے صوبائی کنوینر ڈاکٹر نظام الدین خان کی قیادت میں ایک وفد نے کنچن گنج اور کالندی گنج میں واقع روہنگیا پناہ گزینوں کے کیمپوں کا دورہ کیا۔ کیمپوں کا دورہ کرنے کے بعد ایس ڈی پی آئی صوبہ دہلی کے کنوینر ڈاکٹر نظام الدین خان نے تفصیلات پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 55 روہنگیا فیملی عارضی طور پروہاں پر کیمپ بنا کر رہتے آرہے ہیں۔ جس میں 100بچے سمیت کل 230افراد ہیں۔ ان کو بجلی ، پانی، بیت الخلاء جیسی بنیادی سہولیات میسر نہیں ہے اتنے لوگوں کے لیے صرف ایک ہزار لیٹر کا ایک پانی کا ٹینک لگا ہوا ہے۔ ایک فلاحی تنظیم کی جانب سے میٹر لگواکر بجلی کی فراہمی تو کی گئی ہے لیکن بل نہ جمع کرنے کے وجہ سے بجلی محکمہ کے ذریعے بار بار میْٹر کاٹ دیا جاتا ہے۔ صفائی کا کوئی معقول انتظام نہیں ہے اور اس شدت کی گرمی میں وبائی امراض کے پھیلنے کا خطرہ بھی ہے۔ دہلی صوبائی حکومت سے ا یس ڈی پی آئی مطالبہ کرتی ہے کہ اس کیمپ میں رہنے والے روہنگیا پناہ گزینوں کو بجلی، پانی اور بیت الخلاء کا انتظام کرے۔