جموں // بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) جموں وکشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینا نے کہا کہ اگر علیحدگی پسند قائدین مذاکرات کی میز پر آجاتے ہیں تو ہم ان سے کہیں گے کہ وہ نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی کی طرح انتخابات لڑیں۔ انہوں نے علیحدگی پسند قائدین سے مجوزہ مذاکرات کے ایجنڈا کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ ان سے انتخابی میدان میں اترنے کے علاوہ وادی میں پتھربازی کا سلسلہ بند کرانے کے لئے کہا جائے گا۔ رویندر رینا نے بدھ کے روز یہاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ’اگر وہ (علیحدگی پسند قائدین) بات چیت کرتے ہیں تو اچھی بات ہے۔ اگر دم ہے تو الیکشن لڑو۔رویندر رینا نے کہا کہ بھارت ایک جمہوری ملک ہے اور جمہوری ملک میں مذاکرات کا خیرمقدم کیا جاتا ہے۔