سرینگر//لبریشن فرنٹ کے بانی ممبر اور محمد مقبول بٹ و امان اللہ خان کے دست راست خواجہ غلام احمد بٹ راولپنڈی میںانتقال کرگئے ہیں۔ سرینگر میں اُن کے حق میں غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔مرحوم کا تعلق سرینگر کے راجوری کدل سے تھا اور وہ1950 میں ہجرت کرکے پاکستانی زیر انتظام کشمیر چلے گئے تھے۔ مرحوم کو لبریشن فرنٹ کے اوّلین بانیوں میںشمار کیا جاتا ہے۔ مرحوم2007 میں سرینگر آئے تھے اور لبریشن فرنٹ کے سفر آزادی پروگرام میں بھی شامل ہوئے ۔ فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک نے مرحوم کوخراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی وفات سے لبریشن فرنٹ نے اپنا ایک عظیم رہنما اور شفیق بزرگ کھویا ہے ۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوار رحمت میں جگہ دے اور انکے لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عطا کرے ۔اس سلسلے میں لال چوک میں غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں ایڈوکیٹ بشیر احمد بٹ، صدر نور محمد کلوال، جاوید احمد زرگر،محمد زمان میر، محمد صدیق شاہ، محمد یاسین بٹ، شیخ عبدالرشید، بشیر احمد کشمیری اور لوگوں کی ایک بڑی تعداد بھی شریک ہوئی جنہوں نے مرحوم کیلئے مغفرت کی دعاکی۔لبریشن فرنٹ ( آر ) کے سرپرست اعلیٰ بیرسٹر عبدالمجید ترمبو ،ایڈوکیٹ ایوب راٹھور اور وجاہت بشیر قریشی نے اپنے مشترکہ تعزیتی بیان میں سرکردہ حریت پسند رہنما ء خواجہ غلام احمد بٹ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہارکیا۔فرنٹ قائدین نے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تحریک آزادی کے تئیں مرحوم کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ محازآزادی کے سرپرست اعلیٰ محمد اعظم انقلابی،صدر سید الطاف اندرابی اور پارٹی کے دیگر ارکان نے تحریک آزادی کشمیر کے قائد غلام محمد بٹ کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ الطاف اندرابی نے مرحوم اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ اپنے ذاتی تعلقات کے حوالے سے دلی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انکا پورا خاندان قربانیوں کا مجسمہ ہے جنہوں نے اپنے عزیز واقارب سے دوری میں کٹھن مراحل کا سامنا کیا۔اندرابی نے کہا کہ خواجہ غلام محمد کے انتقال سے کشمیری قوم ایک محب،ایک محسن اور ایک رفیق قائد سے محروم ہوگئی۔محاذ آزادی کے ایک اوردھڑے کے صدر محمد اقبال میر نے بھی دکھ کا اظہار کیا ہے ۔راولپنڈی میں منعقدہ تعزیتی مجلس میں محاذ کے نائب صدر دوئم سید مظفر شاہ نے شمولیت کی ۔ ڈیمو کریٹک لبریشن پارٹی کے دفتر پر ایک تعزیتی اجلاس پارٹی چیرمین ہاشم قریشی کی صدارت میںمنعقد ہوا جس میں غلام احمد بٹ کی راولپنڈی پاکستان میں ہوئی وفات پر افسوس اور رنج و غم کا اظہار کیا گیا۔ اس موقع پر ہاشم قریشی نے غلام احمد بٹ کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ہمارے تحریکی ساتھی تھے جنہوں نے محاذ رائے شماری کو ہر سطح پر پروان چڑھانے کے لئے ہر محاذ پر اپنا کردار نبھایا۔