سرینگر// خوراک، سول سپلائیز اور امور صارفین کے وزیر محمد اشرف میر نے بدھ کو ایک میٹنگ کے دوران ریاست میں تیل خاکی کی سپلائی اور تقسیم کاری نظام میں معقولیت لانے پر تبادلہ خیال کیا۔وزیر نے کہا کہ تیل خاکی کی مناسب مقدار الاٹ کی جانی چاہئے تا کہ لوگ وقت پر مستفید ہوسکیں۔ انہوں نے تیل خاکی کے خُرد بُرد اور بلیک مارکیٹنگ پر نظر رکھنے کی بھی ہدایت دی۔انہوں نے اس کی تقسیم کاری کو مزید فعال بنانے کی وکالت کی۔ دیہی علاقوں میں تیل خاکی کی سپلائی کا جائیزہ لینے کے دوران وزیر موصوف نے کہا کہ حکومت عوامی مفاد میں دور دراز علاقوں میں نئی ریٹیل لائسنس جاری کرے گی۔اس موقعہ پر وزیر نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ تیل خاکی ڈسٹری بیوٹروں کے تمام دستاویزات کی جانچ کریں۔ انہوں نے کہا کہ جو ڈسٹری بیوٹر اور سٹاکسٹس لوازمات پورا نہیں کرتے اُن کے لائسنس رد کئے جانے چاہئیں۔میٹنگ میں متعلقہ محکمہ کے کئی اعلیٰ افسروں نے شرکت کی۔