سرینگر//کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا ایک پانچ رکنی وفد اس کے صدر جاوید احمد ٹینگا کی قیادت میں نائب وزیر اعلیٰ کویندر گپتا کے ساتھ ملاقی ہوا اور کشمیر صنعت کاری کے حوالے سے معاملات پر گفت و شنید کی۔وفد نے نائب وزیر اعلیٰ کو مطالبات کا ایک میمورنڈم پیش کیااور مطالبات کو پورا کرانے میں ان کی مداخلت طلب کی۔ وفد نے جو مطالبات کویندر گپتا کے سامنے رکھے اُن میں کے سی سی آئی کو جموں وکشمیر ٹریڈ پرموشن آرگنائزیشن میں نمائندگی دینے، شمال مشرقی ریاستوں کی طرز پر صنعتی پیکج دینا، زینہ کوٹ صنعتی اسٹیٹ میں اراضی کی تفویض، ایل او سی تجارت کو مستحکم کرنا شامل ہے۔نائب وزیر اعلیٰ جن کے پاس صنعت و حرفت وزارت کا بھی قلمدان ہے، نے وفد کے مطالبات غور سے سُنے اور یقین دلایا کہ انہیں ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ریاست میں صنعتی سیکٹر کو فروغ دینے کے لئے پُر عزم ہے۔ انہوں نے وادی میں خوشگوار ماحول قائم کرنے میں کے سی سی آئی کا تعاون طلب کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کشمیر اور جموں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے ساتھ قریبی رابطہ بنائے رکھے گی تا کہ بہتر نتائج حاصل کئے جاسکیں۔وفد میں ناصر حمید خان، سنیئر وائس پریذیڈنٹ، ماجد مظفر، سیکرٹری جنرل ڈاکٹر مُبین شاہ اور حمید پنجابی شامل تھے۔