انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے امام باڑہ بڈگام میں تقریب
سرینگر/حضرت امام حسن مجتبیٰ ؑکے یوم ولادت کی مناسبت سے انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے مرکزی امام باڑہ بڈگام میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں علماءکرام کے علاوہ چند شعراءنے بھی شرکت کی جن میںسید محمد حسین موسوی، آغا سید محمد عقیل ، سید کرار علی ، میر شبیر، سلیم یوسف چلکی، سید طاہر صفوی، ایڈوکیٹ غلام احمد نیازی اور بشیر بڈگامی شامل ہیں۔ا س موقعہ پر انجمن کے سربراہ آغا سید حسن نے امام عالی مقام ؑ کی سیرت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ امام حسن مجتبیٰ ؑ نے تاریخ کے نازک موڈ پر اپنے حریفوں کے ساتھ صلح جوئی کر کے اسلام و مسلمین کو ایک پریشان کن انتشار سے بچایا اور باہمی اتحاد و اخوت میں ایک نئی روح پھونک دی۔انہوں نے کہا کہ مخاصمت بہرصورت نقصان دہ ہوا کرتی ہے اور امن مفاہمت میں ہی ہر کسی کی عافیت کا راز مضمر ہے۔انہوں نے بھارت اور پاکستان کے طرف سے جنگ بندی معاہدے پر سختی سے ڈٹے رہنے کے بیانات کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام دو ممالک کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور افہام و تفہیم کی راہ ہموار کرنے میں نتیجہ خیز ثابت ہوسکتا ہے بشرطیہ دونوں فریق اس اعلان پر ثابت قدم رہیں۔
پیروان ولایت کی مجلس
سیرت طیبہ کے مختلف گوشوں کو اجاگر کیا گیا
سرینگر// پیروان ولایت کے زیر اہتمام تنظیم کے صدر دفتر پر محفل نور کا انعقاد ہوا جس میں تنظیم کے جملہ اراکین نے شرکت کی ۔مقررین نے حضرت امام حسن علیہ السلام کی سیرت طیبہ کے مختلف گوشوں کو اجاگر کیا اور امام کی پیروی کو تمام دکھوں کا مداوا قرار دیا۔مقررین نے کہا کہ امام حسن علیہ السلام کی بصیرت افروزقیادت دین مبین کیلئے رحمت خدا تھی جس دوران دین مبین نے ترقی کے منازل تیزی کے ساتھ طے کرلئے۔ انہوں نے کہا کہ خانوادہ اہلبیتؑ نے انتہائی مصائب و مشکلات کا سامنا کیا لیکن باطل کے آگے ہرگز سر خم نہ کیا۔ مقررین نے کہا کہ خانوادہ اہلبیتؑ نے اپنے ماننے والوں کو یہ درس دیا کہ ذلت کی زندگی سے عزت کی موت بہتر ہے۔ درایں اثنا پیروان ولایت نے مذاکراتی عمل کے حوالے سے متحدہ مزاحمتی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ مزاحمتی قیادت جو فیصلہ لے گی پیروان ولایت اس کی بھر پور حمایت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل مذاکرات میں ہی مضمر ہے بشرطیکہ یہ عمل خلوص دل اور نیک نیتی پر مبنی ہو۔