سرینگر// حقوق اللہ کے ساتھ ساتھ حقوق العباد کو مد نظر رکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے لبریشن فرنٹ سربراہ محمدیاسین ملک نے کہا ہے کہ ماہ رمضان کریم ہمیں ایثار کا درس دیتا ہے تاکہ ہم اپنے اوپر دوسروں کو ترجیح دینے کا جذبہ پیدا کرسکیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارا سماج جو ناجائز فوجی تسلط کی تباہی جھیل رہا ہے اور جہاں آئے روز لوگ قتل کئے جارہے ہیں،رہائشی مکانات اور تعمیرات کو آگ و آہن کی نذر کیا جارہا ہے،اور جہاں مظالم کا دور دورہ ہے ‘ میں یتیموں ، بیوائوں ،ناداروں اور متاثرین کی ایک بڑی تعداد موجود ہے اور ہماری پہلی ترجیح اور توجہ کا مرکز انہی لوگوں کو ہونا چاہئے اور ہمیں اپنی زکواۃ ترجیحی بنیادوں پر انہی لوگوں کی فلاح و بہبود اور زندگیاں پٹری پر لانے کیلئے استعمال کرنی چاہئے کیونکہ قرآن و حدیث بھی ہمیں اسی چیز کا درس دیتے ہیں۔یاسین ملک نے کہا کہ کشمیر جل رہا ہے اور کسی کو کوئی فلر تک لاحق نہیں اور نا ہی کوئی کشمیریوں کی آہ و بکا کی جانب متوجہ ہورہا ہے۔۔ وردی میں ملبوس مواخذے کے خوف سے عاری ہوکر اور بھارت نواز اسمبلی، اسکے ممبران خواہ ان کا تعلق بی جے پی، پی ڈی پی، کانگریس، این سی،سی پی آئی یا کسی دوسری ہند نواز جماعت سے ہو یا آزاد ممبرکی حیثیت میں ہوکی جانب سے قانونی جواز اور تحفظ ملنے کے بعد سے اب تک کشمیر کشی میں محو ہیں اور انہیں کوئی پوچھنے والا بھی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہند نواز سیاست کار اور اسمبلی ممبران کا پہلا اور بنیادی کام ہی ان قاتلوں اور ظالموں کو مواخذے سے استثناء فراہم کرنا ہے لیکن اس حقیقت کو جان لینے کے بعد ہم پر بھی فریضہ عائد ہوتا ہے کہ ہم اپنی ماضی کی غلطیوں سے سبق حاصل کرتے ہوئے مستقبل میں ان منافق سیاست کاروں اور انکی جماعتوںکے فریب سے دور رہیں اور ان کا ہر ہر سطح پر بائی کاٹ کریں۔ اسیروں کی عید کے متبرک موقع پر رہائی پر زور دیتے ہوئے یاسین صاحب نے انٹرنیشنل ریڈ کراس اور دوسری عالمی انسانی حقوق تنظیموں پر زور دیا کہ وہ کشمیری اسیروں کی حالت زار کی جانب توجہ مبذول کریں اور انہیں بھارتی استبداد سے رہائی دلانے میں اپنا رول ادا کریں۔