سرینگر//وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ہر ایک راشن کارڈ ہولڈر کو رواں ماہ کے دوران ایک کلو اضافی کھانڈ دینے کے تناظر میں خوراک و سول سپلائیز کے وزیر محمد اشرف میر نے وزیر اعلیٰ کے حکم نامے کی عمل آوری کے سلسلے میں خدو خال کا ایک میٹنگ کے دوران جائیزہ لیا۔میٹنگ میں ڈویثرنل کمشنر کشمیر بصیر احمد خان، ڈی سی سرینگر سید عابد رشید شاہ، ڈائریکٹر امور صارفین نثار احمد وانی اور کئی دیگر افسران میٹنگ میں موجود تھے جبکہ ریاست کے مختلف اضلاع کے ضلع ترقیاتی کمشنروں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔اس موقعہ پر محکمہ کے ناظم نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے اس فیصلے سے2722000 کُنبے مستفید ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر صوبہ میں اس مقصد کے لئے14506 کوئنٹل جبکہ جموں صوبے میں12714 کونٹل کھانڈ تقسیم کی جائے گی۔وزیر موصوف نے ترقیاتی کمشنروں سے کہا کہ وہ اندرونی سطح پر میٹنگوں کا انعقاد کر کے کھانڈ کی تقسیم کاری میں شفافیت کو یقینی بنائیں۔