جموں//حکومت صارفین کو بجلی کی بہتر سہولیات بہم پہنچانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور بجلی کے بنیادی ڈھانچے کو مستحکم کرنے کے لئے کئی پروجیکٹ عملائے جارہے ہیں۔ان باتوں کا اظہار وزیر بجلی سنیل شرما نے آج جانی پور میں پاور ڈیولپمنٹ کمشنر کے دفتر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ انہوں نے عوام سے تعاون طلب کرتے ہوئے کہا کہ بجلی سیکٹر کے کاموں کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے گا۔وزیر نے کہا کہ بڑھتی گرمی کے پیش نظر جموں کے لوگوں کو بجلی کی قلت سے کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں خطہ میں650 ایم وی اے بجلی درکار ہے جبکہ500 ایم وی اے بجلی ہی دستیاب ہے جس کی وجہ سے کٹوتی کرنا پڑتی ہے۔وزیر نے کہا کہ مرکزی سرکار ریاست میں بجلی شعبۂ کو دوام بخشنے کے لئے دلچسپی لے رہی ہے اور اس مقصد کے لئے8 ہزار کروڑ روپے واگذار کئے گئے ہیں مگر ٹینڈرنگ کے طویل عمل سے محکمہ وقت پر رقومات صرف نہیں کرپاتا ہے۔انہوں نے بجلی کے منصفانہ استعمال پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بجلی چوری پر قابوپانے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔وزیر نے کہا کہ تین سے چار گرڈ سٹیشنوں کو عنقریب بڑھاوا دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جانی پور گرڈ میں ایک اضافی ٹرانسفارمر وقف کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں ہکل، جوالہ اور برنائی میں تین ریسوینگ سٹیشنوں کا3 جون کو افتتاح کیا جائے گا۔وزیر نے کہا کہ جموں میں بلا خلل بجلی کی دستیابی کے لئے ہر طرح کے اقدامات عمل میں لائے جائیں گے۔کمشنر سیکرٹری محکمہ بجلی ہردیش کمار سنگھ کے علاوہ متعلقہ محکمہ کے دیگر اعلیٰ افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔