سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے افسران کی ایک میٹنگ میں کھیر بھوانی میلہ منانے کے سلسلے میں کئے جارہے انتظامات کا جائزہ لیا۔یہ میلہ 20جون کو وادی میں 8مقامات پر منایا جارہا ہے۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ کھیر بھوانی میلہ گاندربل کے تولہ مولہ،کپوارہ کے ٹکر لاکی پورہ مٹن،اننت ناگ کے ویسو اور منزگام،کولگام کے دیوسر اورشوپیان کے موچھن علاقوں میںمنایا جائے گا۔میٹنگ کے دوران اقامتی سہولیات ،ایس ٹی پی ورک،تولہ مولہ نالہ کی ڈی سلٹنگ، شیڈوں کی تعمیر ،صفائی ستھرائی اور مندروں کے گردونواح میں صاف وصفائی کے علاوہ حفاظتی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔صوبائی کمشنر نے متعلقہ ضلع ترقیاتی کمشنر وں کو میلے کے دوران شردھالوئوں کے لئے بلا خلل بجلی،پینے کے پانی، ٹرانسپورٹ سہولیات ،حفاظتی انتظامات ،فائر ٹینڈرس ،راشن،سی سی ٹی وی کیمروں کو نصب کرنے، میڈیکل کیمپوں کے قیام اور سڑکوں کے تجدیدی کام کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔اس موقعہ پر صوبائی کمشنر نے کہا کہ ریاست اور ملک بھر کے مختلف علاقوں سے ہزاروں کی تعداد میں شردھالوئوں کی میلے میں شرکت کی امید ہے اور انہیںلازمی سہولیات فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جانے چاہیں۔میٹنگ میں اے ڈی سی سرینگر کے علاوہ مختلف محکموں کے افسران اور آل کشمیری پنڈت ایسوسی ایشن نیز دھرمارتھ ٹرسٹ کے نمائندے بھی موجود تھے۔