کپوارہ//عدالت عالیہ اور ضلع انتظامیہ کی پابندی کے باجود بھی نالہ ماور سے ریت اور بجری نکالنے کا کام جاری ہے جبکہ اس نالہ پر چند غیر قانونی سٹون کریشر چلانے والے نالہ سے پتھر اور بجری نکال رہے ہیں جس کے نتیجے میں نالہ کی ہیت ہی بگڑ چکی ہے اور سٹون کریشر چلانے والو ں کی من مانی کی وجہ سے نالہ ماور تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے ۔علاقہ لنگیٹ اور نالہ بچائو فورم ماور لنگیٹ نے اتوار کو لنگیٹ کے مین چوک پر سخت احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اگر انتظامیہ نے فوری طور نالہ ماوری کو تباہی سے بچانے کے لئے اقدامات نہیں کئے تو وہ زور دار احتجاجی مہم چھیڑ دیں گے ۔نالہ بچائو فورم لنگیٹ ماور کے چیئر مین محمد مقبول لون نے کشمیر عظمیٰ کو بتا یا کہ نالہ ماوری گزشتہ 10برسو ں سے تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے ۔انہو ں نے بتا یا کہ ایک گروپ آئے روز دوران شب نالہ ماوری سے ریت اور بجری نکال کر فرو خت کرتے ہیں ۔احتجاج میں شامل لوگو ں کا کہنا ہے کہ اس نالہ سے غیر قانونی طور ریت اور بجری نکالنے کے کام کے علاوہ اس نالہ پر کئی سٹون کریشر اور میکڈم پلانٹ چلانے کے خلاف نالہ بچائو فورم ماور لنگیٹ نے مفاد عامہ کے تحت ریاستی ہائی کو رٹ میں ایک درخواست دائر کی اور عدالت عالیہ نے اس کام پر مکمل پابندی عائد کی جبکہ ضلع انتظامیہ نے اس نالہ کا دورہ کر کے ان سٹون کریشرو ں کو بند بھی کیا ۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے اس نالہ پر غیر قانونی طور چلائے جارہے سٹون کریشر کے مالکان نے عدالت عالیہ اور ضلع انتظامیہ کے حکم کو با لائے طاق رکھ کر رواں سال کے اپریل سے دو بارہ چالو کیا اور دوران شب نالہ ماوری سے پتھر اور بجری نکال کرمیکڈم تیار کرتے ہیں جبکہ رات کے دوران چوری چھپے نصف درجن ٹریکٹر نالہ سے ریت اور بجری نکال کر فرو خت کرتے ہیں ۔احتجاج میں شامل لوگو ں کا کہنا ہے کہ اس غیر قانونی کام سے نالہ ماوری کی ہیت بگڑ چکی ہے ۔انہو ں نے مزید بتا یا کہ ریت بجری اور سٹون کریشر کے لئے پتھر حاصل کرنے سے نالہ کی گہری میں کافی اضافہ ہو گیا اور نتیجے کے طور کھیت اور کھلیانو ں میں سینچائی کے لئے پانی آ بپاشی نہرو ں تک نہیں پہنچ پاتا ہے کیونکہ آبپاشی نہریں اس نالہ سے کافی اونچائی پر ہیں ۔نالہ بچائو فورم نے بتا یا کہ موجودہ ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ خالد جہانگیر نے پہلے ہی ان سٹون کریشرو ں کو بند کر وایا لیکن اب یہ سٹون کریشر دو بارہ چالو کئے گئے ہیں اور یہ نالہ دوبارہ تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے ۔نالہ بچائو فورم لنگیٹ ماور نے مطالبہ کیا کہ اس غیر قانونی کام کو فوری طور بند کیا جائے بصورت دیگر وہ سڑکو ں پر آکر زور دار احتجاجی مہم چھیڑ دیں گے ۔ ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ خالد جہانگیر نے کشمیر عظمیٰ کو بتا یا کہ معاملہ کے حوالے سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہندوارہ اور تحصیلدار ہندوارہ سے ایک رپورٹ طلب کریں گے جس کے بعد قانون کے مطابق کاروائی عمل میں لائی جائے گی ۔