سرینگر //ناردرن کمانڈ کے آرمی کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل رنبیر سنگھ اورانسانی حقوق اور جمہوری حقوق کی معروف کارکن اروم شرمیلا ن نے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی سے ملاقات کی۔میٹنگ کے دوران آرمی کمانڈر نے وزیر اعلیٰ کو کلہم سیکورٹی صورتحال بالخصوص ریاست میں رمضان سیز فائر کی عمل آوری کے سلسلے میں سیکورٹی سے متعلق حالات سے آگاہی دلائی۔وزیر اعلیٰ نے لیفٹیننٹ جنرل سنگھ کو دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کے ساتھ اشتراک کر کے اپنے فرائض منصبی انجام دینے کی تجویز پیش کی۔انہوں نے لیفٹیننٹ جنرل سنگھ سے تلقین کی کہ وہ ریاست کے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کو یقینی بنائیں ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جو اُمید عام لوگوں میں سیز فائر کی وجہ سے پیدا ہوئی اس سے قائم رکھتے ہوئے آگے لے جائیں ۔لیفٹیننٹ جنر ل سنگھ نے وزیر اعلیٰ کو سرحدوں پر موجودہ صورتحال بالخصوص بین الاقوامی سرحد پر وہاں رہائش پذیر لوگوں کی حفاظت اور سیکورٹی کے سلسلے میں اٹھائے جارہے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ یہ میٹنگ لیفٹیننٹ جنرل سنگھ کی وزیر اعلیٰ کے ساتھ اپنی نوعیت کی پہلی میٹنگ تھی جب سے انہوں نے نار در ن کمانڈ کے آرمی کمانڈر کا چارج سنبھالا۔ادھرانسانی حقوق اور جمہوری حقوق کی معروف کارکن اروم شرمیلا نے یہاں وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے ساتھ ملاقات کی۔انہوں نے وزیر اعلیٰ کو یہاں کے قیام کے دوران اپنی سرگرمیوں کے بارے میں جانکاری دی۔ وزیر اعلیٰ نے انہیں مقامی خواتین کو بااختیار کے لئے اُٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں روشناس کرایا۔محبوبہ مفتی نے شرمیلا کے کام کی ستائش کرتے ہوئے اُن کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔