سرینگر//تعمیراتِ عامہ و تمدن کے وزیر نعیم اختر نے کہا کہ ریاستی حکومت جموں کشمیر کے اُن علاقوں میں سڑکوں کی میکڈمائیزیشن کیلئے نئی تیکنالوجی کا ٹیسٹ کر رہی ہے جہاں روائتی ہاٹ مکس پلانٹس دستیاب نہیں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے دور دراز علاقوں میں سڑک رابطوں کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے میکڈم بچھانے کیلئے نئی ٹیکنالوجی عمل میں لائی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ سرد موسم کی وجہ سے عام طور پر کئی علاقوں میں سڑکوں کی دیکھ ریکھ اور اُن کی تعمیر میں رکاوٹیں پیدا ہوتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بنی ، گریز ، ڈوڈہ و دیگر دور دراز علاقوں میں پائیلٹ پروجیکٹ بنیادوں پر نئی ٹیکنالوجی کا ٹیسٹ کیا جائے گا ۔ تعمیرات کے وزیر نے افسروں سے کہا کہ وہ دس جون تک بنی اور گریز میں دس کلو میٹر لمبی سڑک پر میکڈم بچھانے کیلئے ٹینڈر طلب کریں تا کہ مختلف مرکزی معاونت والی سکیموں کے تحت متعلقہ کام ہاتھ میں لیا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ کئی ریاستوں جن میں آسام بھی شامل ہے نے ماحول دوست نئی ٹیکنالوجی کو کامیابی کے ساتھ استعمال کیا ہے ۔ میٹنگ کے دوران نعیم اختر نے سنٹرل روڈ فنڈ و دیگر سکیموں کے تحت سڑکوں کے رابطے بہتر بنانے کے کام میں سرعت لانے کی ہدایت دی ۔ میٹنگ میں کمشنر سیکرٹری تعمیراتِ عامہ سنجیو ورما ، چیف انجینئر آر اینڈ بی کشمیر نثار احمد بٹ ، چیف انجینئر پی ایم جی ایس وائی جموں ایس پی منہاس ، ڈوڈہ ، جموں اور لیہہ اضلاع کے سپرنٹنڈنگ انجینئر و تعمیراتِ عامہ محکمہ کے دیگر افسران موجود تھے ۔