سرینگر// قومی تحقیقاتی ایجنسی این آئی اے نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے نگروٹہ فوجی کیمپ حملے کے سلسلے میںوادی سے تعلق رکھنے والے تیسرے ملزم کی گرفتاری عمل میں لائی ہے جس کی شناخت عاشق بابا ساکنہ آلوچی باغ سرینگر کے بطور ظاہر کی گئی ہے ۔یاد رہے کہ نومبر 2016میں نگروٹہ میں واقع فوجی کیمپ پر بھاری ہتھیاروں سے لیس جنگجوئوں کے ایک گروپ نے حملہ کیا تھا جس کے دوران 7فوجی اہلکار ہلاک ہو ئے تھے۔قومی تحقیقاتی ایجنسی نے پلوامہ اور شوپیاں کے بعد نگروٹہ حملے کے سلسلے میں سرینگر کے آلوچی باغ سے تیسرے ملزم کو گر فتار کر نے کا دعویٰ کرتے ہو ئے کہا کہ عاشق بابا ساکنہ آلوچی باغ بھی نگروٹہ حملے کے سلسلے میں مطلوب تھا ۔معلوم ہوا ہے کہ این آئی اے اور پولیس کی مشترکہ ٹیم نے علیٰ الصبح آلوچی باغ سرینگر میں چھاپہ ڈال کر عاشق بابا کی گر فتاری عمل میں لائی ۔ یاد رہے کہ اس سے پہلے مر کزی تحقیقاتی ایجنسی این آئی اے نے پلوامہ میںلکڑی کے کارو بار سے منسلک چھلی پورہ شو پیاں کے رہائشی طارق احمد ڈار کے علاوہ سید منیر الحسن قادری کی گر فتاری عمل میں لائی ہے ۔واضح رہے کہ 29نومبر 2016کو نگروٹہ میں فوج کے آرٹکری کیمپ پر جیش محمد سے وابستہ 3جنگجوئوں پر مشتمل گروپ نے حملہ کیا جس کے دوران 7فوجی اہلکار ہلاک ہو ئے جبکہ کئی دیگر زخمی ہو ئے ۔معرکہ آرائی کے دوران فوج اور فورسز نے کیمپ کے اندر داخل ہو نے والے تینوں عسکریت پسندوں کو مارڈالا اور ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود ضبط کیا گیا تھا ۔