پونچھ+نوشہرہ//ریاست کے دوسرے اضلاع کی طرح پونچھ اور راجوری میں بھی آل جموں و کشمیر پٹوار ایسوسی ایشن کی کال پر پٹواریوں نے اپنے مطالبات پر25ویںروز س بھی ہڑتال جاری رکھی جس کی وجہ سے عام لوگوں کے کام کاج بری طرح سے متاثرہورہے ہیں اور انہیں خالی ہاتھ لوٹ کر واپس جاناپڑتاہے۔پونچھ میں پٹواری مسلسل ہڑتال پر بیٹھے ہیں اور ان کاکہناہے کہ وہ مطالبات پورے ہونے تک کام پر واپس نہیں لوٹیںگے۔ پٹواریوں کی تنظیم کے مقامی صدر بشارت کاظمی نے کہا کہ حکومت نے ان کے جائز مطالبات کو تسلیم کیا ہے لیکن اب عمل درآمد نہیں کیاجارہا۔انہوں نے کہا کہ نئے پٹواریوں کے گریڈ تفاوت، پٹواریوں اور گرداوروں کی ترقی، نئے پٹوار حلقوں اور گرداور سرکلوں کا قیام، پٹوار خانوں کی تعمیر، نجی عمارتوں میں قائم پٹوار خانوں کیلئے کرایہ کی منظوری، نائب تحصیلدار کی براہ راست بھرتی پر پابندی، پٹواریوں اور گرداوروں کے مشاہرے میں اضافہ اور شہر جموں اور سرینگر میں پٹوار ایسوسی ایشن کیلئے کنونشن سنٹروں کا قیام عمل میں لایا جائے۔انہوںنے کہاکہ مطالبات پورے ہونے تک کام چھوڑ ہڑتال جاری رہے گی۔پٹواریوں کی اس ہڑتال کی وجہ سے عام لوگوں کو مشکلات کاسامناہے اور ان کے روز مرہ کے کام نہیں ہورہے۔پٹواری سلمان میر نے بتایا کہ وہ عوام کی پریشانیوں کو سمجھتے ہیں لیکن چونکہ اپنے حق کی لڑائی انہیں لڑنی ہے جس کیلئے انہیں ہڑتال کرناپڑ رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ جیسے ہی ان کے مطالبات پورے کئے جاتے ہیںتو وہ دن رات ایک کرکے کام کریںگے ۔انہوں نے انتباہ دیا کہ اگر ان کے مطالبات پورے نہ ہوئے تو وہ احتجاج میں مزید شدت لائیںگے۔ وہیں ضلع راجوری میں بھی پٹواریوں کی ہڑتال جاری ہے ۔ سب ڈیویژن نوشہرہ سے تعلق رکھنے والے پٹواریوںنے چودہ مئی سے اپنی ہڑتال جاری رکھی ہوئی ہے اور انہوںنے جمعرات کو بھی حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے اپنے مطالبات پورے کرنے کی مانگ کی ۔ پٹواریوں کی اس ہڑتال کی وجہ سے لوگوں کاکام بری طرح سے متاثر ہورہاہے اور انہیں دفاتر سے مایوس ہوکر لوٹناپڑتاہے۔