کوٹرنکہ +تھنہ منڈی //کوٹرنکہ میں رہبر تعلیم اساتذہ نے اپنے مطالبات کے حق میں پرامن احتجاج کیا اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی ۔اس دوران اساتذہ نے زونل ایجوکیشن آفیسر کوٹرنکہ کوایک میمورنڈم بھی پیش کیا اوروہاں سے ریلی نکالی جو بازار سے ہوتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کے دفترپہنچی جہاں بھی یاداشت پیش کی گئی ۔اس میمورنڈم کے ذریعہ اساتذہ نے مطالبہ کیاکہ انہیں ساتویں پے کمیشن کافائدہ دیاجائے اوراگر چھٹے تنخواہ کمیشن کا فائدہ ملاتو پھر ساتویں تنخواہ کمیشن کا فائدہ کیوں نہیں دیاجارہا۔ انہوں نے کہ تمام تر ملازمین کو ساتواں پے کمیشن دیا جارہا ہے لیکن سرکار صر ف انہی کے ساتھ ناانصافی کررہی ہے جوناقابل برداشت ہے۔ ٹیچروں کا کہنا تھا کہ انہیں اپریل ماہ کی تنخواہ بھی نہیں دی گئی جس کے باعث ان کے بچے بھکمری کاشکار ہیںاور سکول کی فیس کی ادائیگی بھی نہیں ہورہی ۔ان کاکہناتھاکہ ان کے مطالبات پورے کئے جائیں نہیں تو وہ سکولوں کو مقفل کردیںگے ۔دریں اثناء تھنہ منڈی میں رہبر تعلیم اساتذہ نے زونل ایجوکیشن آفیسر تھنہ منڈی کو ایک یادا شت پیش کرکے اپنے مطالبات پورے کرنے کی اپیل کی۔اس سلسلے میں زونل ایجوکیشن افسر تھنہ منڈی سے ایک وفد ملاقی ہواجس کی سربراہی رہبر تعلیم اساتذہ فورم کے زونل صدر شوکت احمد میرکررہے تھے ۔ اس میمورنڈم کے ذریعہ اساتذہ نے اپیل کی کہ SSA کے تحت کام کر رہے اساتذہ کی تنخواہوں کو ریاستی خزانہ سے منسلک کیا جائے۔ ان کا کہنا تھاکہ وہ ساتویں تنخواہ کمیشن کے لاگو ہونے کے بغیر تنخواہ حاصل نہیں کریںگے اور اپریل کی تنخواہ معہ پے کمیشن ادا کی جائے ۔انہوںنے کہاکہ فورم کے ریاستی چیئرمین کی طرف سے دی گئی ہڑتال کی کال پر من و عن عمل کیاجائے گا اور حکومت کی طرف سے اختیار کردہ سوتیلے سلوک پر مزاحمت کی جائے گی ۔