سرینگر//دختران ملت نے تنظیم کی سربراہ آسیہ اندرابی، جنرل سیکریٹری ناہیدہ نسرین اور پرسنل سیکریٹری صوفی فہمیدہ پر عائد پولیس ریمانڈ میں 21 جون تک کی توسیع کئے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ایک بیان میں دختران ملت کی ترجمان رفعت فاطمہ نے کہا کہ ان تینون کو جمعرات کو رام باغ پولیس تھانے سے اسلام آباد منتقل کیا گیا۔ عدالت نے پہلے ہی تینوں کو 9 جون تک پولیس تحویل میں دیا تھا لیکن اب اس میں 21 جون تک کیلئے توسیع کر دی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پارٹی سربراہ سیدہ آسیہ اندرابی دل کے عارضہ اور دمہ میں مبتلا ہے اور اس لئے انہیں قید رکھنا ان کے خلاف جان کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے۔ یہ بربریت کی انتہا ہے کہ بیمار خواتین کو جھوٹے مقدمات میں قید رکھا جارہا ہے۔انہون نے کہا کہ دختران ملت کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا جارہا ہے۔ دختران ملت کی قیادت اور ممبران کو ذہنی اور جسمانی دباو کا شکار بنایا جارہا ہے۔قیادت کو گرفتار رکھا گیا ہے جبکہ ممبران کے کنبوں کو روزانہ ہراساں کیا جارہا ہے۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ دختران ملت کے خلاف اعلان جنگ کر دیا گیا ہے۔رفعت کے مطابق یہ سب دختران ملت کے عزم کو توڑنے کیلئے کیا جارہا ہے لیکن کٹھ پتلی حکومت اور اس کی ظالم فوج کو یہاں بھی منہ کی کھانی پڑے گی۔ انہیں یہ بات معلوم ہونا چاہئے کہ ہمارا نظریہ اسلامی نظریہ ہے اور اس کو شکست دینا ممکن ہی نہیں۔انہون نے کہا کہ یہ لوگ چاہے کتنے اور مظالم ڈھائیں دختران ملت کی قیادت اور ممبران بھارت کے غیر قانونی قبضہ کے خلاف نبرد آزما رہیں گے۔