پلوامہ +کپوارہ+کولگام// پلوامہ میں ایک دوکاندار کو مشتبہ جنگجوئوں نے گولیاں مار کر شدید زخمی کردیا جبکہ ونپوہ کولگام میں ایک سابق ریاستی وزیر کے محافظ سے ہتھیار چھیننے کی کوشش کی گئی جو ناکام بنا دی گئی۔ادھر ہندوارہ میں فوج کی گشتی پارٹی پر حملہ کیا گیا۔کاکہ پورہ پلوامہ میں جمعہ کی شام وقت افطاری کے موقعہ پر مشتبہ جنگجوئوں نے دوکاندار منظور احمد پنڈت ولد عبدالرحمان پر نزدیک سے گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میںدو گولیاں اُس کی ٹانگوں اور ایک اُس کی چھاتی میں پیوست ہوئیں۔ وہ شدید زخمی ہوا اور اسے سرینگر منتقل کیا گیا۔اسکی حالت نازک قرار دی جارہی ہے۔اس موقعہ پر علاقے کو محاصرہ میں لیا گیا لیکن تب تک اسلحہ بردار فرار ہوچکے تھے۔ادھر نماز جمعہ کے بعد ونپوہ کولگام میں سابق ریاستی وزیر عبدالغفار صوفی کے ذاتی محافظ سے قریب تین اسلحہ برداروں نے اسکی سروس رائفل چھیننے کی کوشش کی تاہم وہ کامیاب نہیں ہوئے۔اس موقعہ پر مذکورہ پولیس اہلکار کی مار پیٹ بھی کی گئی۔بعد میں اسلحہ بردار ہوائی فائرنگ کر کے فرار ہوئے۔ادھرسرحدی ضلع کپوارہ کے ہرل ماور ہندوارہ میں جنگجوئو ں نے فوج کی گشتی پارٹی پر حملہ کیا تاہم کوئی نقصان نہیں ہوا۔یہ حملہ اس وقت کیا گیا جب مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کپوارہ کے دورے پر تھے۔پولیس کا کہنا ہے ہرل ماور علاقہ میں جمعہ کو 30راشٹریہ رائفلز کے اہلکار معمول کے گشت پر تھے کہ اس دوران وہا ں گھات لگائے جنگجوئو ں نے فوجی جمعیت پر فائرنگ کی۔اس موقعہ پر فوج نے بھی جوابی کارروائی کی اور فائرنگ کا سلسلہ کچھ منٹ تک جاری رہا ، جس کے بعد جنگجوفرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔پولیس کا کہنا ہے فوج نے مزید کمک طلب کر کے علاقہ کے ایک وسیع حصہ کو محاصرے میں لیکر چھپے بیٹھے جنگجو ئوںکی تلاش شروع کردی ہے ۔علاقے میں فوج اورسپیشل آپریشن گروپ نے اہم راستو ں پر ناکے لگا کر تلاشی کارروائی میں تیزی لائی ۔