نعتِ اقدس
پھولوں نے بات چھیڑ دی عالی مقام کی
خوشبو جو آئی ذکر میں خیرُالاََ نام کی
منظر ہیں عطر بیز زمان و مکان کے
محفل سجائی رب نے درودو سلام کی
تکتی ہے کس ادا سے مجھے شب یہ سانولی
صورت بسی ہے آنکھ میں ماہِ تمام کی
ہونٹوں پہ اہتمام ہے جس تشنگی کا یہ
وہ منتظر ہے ساقی کوثر کے جام کی
آنسو ہیں باندھے رختِ سفر سوئے کربلا
یاد آئی ابرِ دل کو پیاسے اِمام کی
اک لا مِثال فرطِ حضوری کا بانکپن
اک شب جو عرش و فرش سجی احترام کی
شیداؔ شعورِ چشم کا ہدیہ یہ نعت پاک
آقاؐ قبول کیجئے ادنیٰ غلام کی
علی شیدّا ؔ
نجدہ ون نپورہ اسلام آباد کشمیر
فون نمبر9419045087
اصحابِؓ جنگ بدر
اِسلام کے گردوں پہ درخشندہ ستارے
اللہ کے محبوب، محمدؐ کے پیارے
اے کاش! ملیں دُنیا کو پھر ایسے سہارے
تابندہ کہکشان ہیں اصحابِ جنگِ بدر
ایمان کی پہچان ہیں اصحابِ جنگ بدر
انوارمؤدت کے، مؤواخات کے پیکر
حُبّ رسولِؐ پاک سے سرشار، معطّر
ایامِ امن و جنگ میں اُمت کے ہیں رہبر
کردار کی بُرہان ہیں اصحابِ جنگِ بدر
ایمان کی پہچان ہیں اصحابِ جنگ بدر
انصار و مہاجر پہ مشتمل یہ مجاہد
پیارے رسولؐ کی یہ رسالت کے شواہد
خندہ جبین کرتے ہیں انگیز شدائد
کعبے کا چراغان ہیں اصحابِ جنگِ بدر
ایمان کی پہچان ہیں اصحابِ جنگ بدر
کرتے رہے دشمن کو ہراسان فاقہ مست
بے اسلحہ، بے نیزہ و پیکان فاقہ مست
ہوتے گئے اسلام پر قربان فاقہ مست
تصویرِ القرآن ہیں اصحابِ جنگ بدر
ایمان کی پہچان ہیں اصحابِ جنگ بدر
مشتاق کاشمیریؔ
موبائل نمبر؛9596167104