نئی دہلی //محکمہ بجلی کے وزیر سنیل شرما نے مرکزی وزیر مملکت برائے بجلی آر کے سنگھ سے ملاقات کی اور انہیں ریاست میں مرکزی حکومت کی طرف سے اہم پاور ڈیولپمنٹ پروجیکٹس ہاتھ میں لئے جانے پر تبادلہ خیال کیا ۔ میٹنگ جس میں مرکزی حکومت و ریاستی حکومت کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی اُن میں کمشنر سیکرٹری پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ہردیش کمار ، ایم ڈی پی ڈی سی شاہ فیصل و دیگر پی جی سی آئی ایل ، آر ای سی ٹی پی سی ایل کے افسران شامل تھے اور یہ میٹنگ شرام شکتی بھون نئی دہلی میں منعقد ہوئی ۔ میٹنگ کے دوران شرما نے مرکزی حکومت کی طرف سے ہاتھ میں لئے گئے پاور پروجیکٹوں کے بارے میں مرکزی وزیر کے ساتھ بات چیت کی ۔ یہ پروجیکٹ پی ایم ڈی پی ۔ 2015 کے تحت منظور کئے گئے اور ان پر 6845.71 کروڑ روپے خرچ کئے جا رہے ہیں ۔ ان پروجیکٹوں میں ایک ہزار میگاواٹ کا پی اے کے اے ایل ڈی اے ایل بھی شامل ہے جس پر میٹنگ کے دوران سیر حاصل بحث ہوئی ۔ شرما نے مرکزی وزیر کو یقین دلایا کہ ان تمام پروجیکٹوں کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے گا ۔ مرکزی وزیر نے بھی یقین دلایا کہ مرکزی سرکار ریاست کی طرف سے اٹھائے گئے تمام معاملات کو مرحلہ وار طریقے پر حل کرے گی ۔ بعد میں کمشنر سیکرٹری نے ٹی اینڈ ڈی سیکٹر میں فلیگ شپ سکیموں پر جاری عمل آوری کی تفصیلات پیش کیں ۔