فرانسیسی سفیر گورنر اور وزیر اعلیٰ سے ملاقی
سرینگر//سرینگر//فرانس کے سفیر الیگزینڈر زیجلر نے گورنر این این ووہرا اور وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی سے ملاقات کی ۔ سفیر نے گورنر کے ساتھ ہندوستان اور فرانس کی باہمی دلچسپی کے معاملات پر غور و خوض کیا ۔ گورنر نے سفیر کو کشمیر چیمبر آف کامرس کے ذریعے ریاست میں مشترکہ یونٹوں کے قیام کیلئے امکانات تلاش کرنے پر زور دیا ۔ فرانسیسی سفیر نے بعد میں وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی سے ملاقات کی ۔ میٹنگ کے دوران تعلیم ، اقتصادیات ، سیاحت اور شہری بنیادی ڈھانچے کو ترقی دینے سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال ہوا ۔ وزیر اعلیٰ نے سفیر کو ریاستی حکومت کی طرف سے مختلف ترقیاتی اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا ۔ انہوں نے ریاست میں بنیادی ڈھانچے کو مستحکم کرنے کے علاوہ باغبانی ، ہینڈی کرافٹس اور سیاحت کے شعبے کو فروغ دینے کے بارے میں بھی سفیر کے ساتھ بات چیت کی ۔ انہوں نے ریاست میں سولر انیرجی اور جھیلوں کے رکھ رکھاؤ کے علاوہ سالڈ ویسٹ منیجمنٹ میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے بارے میں فرانسیسی ماہرین کی خدمات کی فراہمی پر بھی زور دیا ۔ فرانسیسی سفیر نے ریاست کے تعلیمی سیکٹر میں خاصی دلچسپی کا اظہار کیا ۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ کو بتایا کہ پچھلے دو سال کے دوران ہندوستان اور اُن کے ملک میں طلاب کے تبادلے کے عمل میں خاطر خواہ اقدامات کئے گئے ہیں ۔