بارہمولہ//شمالی قصبہ پٹن کے چک دیہات میں نامعلوم افرادنے ایک گھر سے سونے کے زیورات اور ایک لاکھ روپے کی نقد رقم اڑا لئے۔ اہل خانہ کے مطابق اتواراورسوموارکی درمیانی رات کو تقریباًایک بجے نامعلوم افراد ہاتھوں میںچاقو لیکر اُن کے مکان میںگھس گئے اور تمام افراد خانہ کو ڈرا دھمکا کر ایک ہی کمرے میں جمع کیا۔انہوں نے کہاکہ سبھی افرادخانہ کوایک کمرے میں بندرکھنے کے بعدچاقوبردارلٹیروں نے مکان کے کونے کونے کی تلاشی لیکر گھر میں موجود سونے کے زیورات،ایک لاکھ روپے کی نقدرقم اور4موبائل فون اڑا لئے اوررات کی تاریکی میں فرارہوگئے۔مالک مکان غلام محمدنے بتایاکہ عید کے بعد اُسکی دو بیٹیوں کی شادی ہو نی والی تھی اوراُس نے بیٹیوں کی شادی کیلئے محنت مزدوری کی کمائی سے سونے کے زیورات خریدے تھے اور نقد رقم جمع کر رکھی تھی لیکن نامعلوم چوروں اورلٹیروں نے نہ صرف زیورات اورروپے لوٹ لئے بلکہ انہوں نے ہماراچین وسکون بھی چھین لیاکیونکہ اب میرے پاس بیٹیوں کی شادی کیلئے کوئی پیسہ نہیں ہے۔ اس سلسلے میں پولیس نے کیس در ج کرکے تحقیقات شروع کردی ۔