لندن// پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی مشکل فارمیٹ ہے اور وہ اسکاٹ لینڈ کو آسان حریف نہیں سمجھ رہے ہیں۔پاکستان اور اسکاٹ لینڈ کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی کل ایڈنبرا میں کھیلا جائے گا ،آج بارش کے باعث پاکستان کو ٹریننگ کا پہلا سیشن وقت سے پہلے ختم کرنا پڑا ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سرفراز الیون اسکاٹ لینڈ کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ کی تیاریوں کو حتمی شکل دینے کے لئے ابھی وارم اپ ہی کررہی تھی کہ بارش ہوگئی ،جس کے باعث کھلاڑی فیلڈنگ اور نیٹ پریکٹس نہ کرسکے اور کچھ دیر انتظار کے بعدتربیتی سیشن ختم کردیا ۔پریس کانفرنس میں کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ اُن کی ٹیم اسکاٹ لینڈ کو آسان حریف نہیں سمجھ رہی، اسکاٹ لینڈ کا انگلینڈ کو ہرانا بڑی کامیابی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ایک مشکل فارمیٹ ہے ، محمد عامر مکمل فٹ ہیں اور میچ کیلئے دستیاب ہوں گے ۔واضح رہے کہ پاکستان اور اسکاٹ لینڈ کے درمیان دو ٹی20 میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ کل ایڈن برگ میں کھیلا جائے گا جہاں انگلینڈ کو شکست دینے کے بعد اسکاٹش ٹیم کے حوصلے بلند ہیں۔پاکستانی ٹیم دورہ آرئرلینڈ، انگلینڈ اور اسکاٹ لینڈ کے آخری مرحلے میں اسکاٹ لینڈ پہنچ گئی ہے جہاں وہ میزبان ٹیم کے خلاف دو ٹی20 میچ کھیلے گی ۔اسکاٹ لینڈ کی ٹیم گزشتہ روز ون ڈے کی عالمی نمبر ایک ٹیم انگلینڈ کو اپ سیٹ شکست دے کر اپنے عزائم ظاہر کر چکی ہے اور اب وہ ٹی20 کی عالمی نمبر ایک ٹیم پاکستان کے خلاف بھی ایسی کارکردگی دہرانے کی خواہاں ہے ۔دوسری جانب پاکستان کی ٹیم انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ کی شکست کو بھلا کر سرفراز احمد کی قیادت میں ٹی20 سیریز میں اپنی فتوحات کے سلسلے کو برقرار رکھنے کی خواہشمند ہے ۔پاکستان کے کپتان سرفراز احمد بھی اسکاٹ لینڈ کے خطرے سے بخوبی آگاہ ہیں اور انہوں نے کہا کہ اسکاٹ لینڈ نے انگلینڈ کے خلاف بہترین کارکردگی دکھائی اور ٹی20 کرکٹ میں کسی بھی ٹیم کو آسان حریف نہیں سمجھا جا سکتا۔یہ پاکستان اور اسکاٹ لینڈ کے درمیان 11سال بعد کوئی ٹی20 میچ کھیلا جائے گا جہاں اس سے قبل دونوں ٹیمیں 2007 ٹی20 میں مدمقابل آئی تھیں۔پاکستان اور اسکاٹ لینڈ کے مابین اب تک صرف ایک ٹی20 انٹرنیشنل میچ 2007 کے ورلڈ ٹی20 میں کھیلا گیا تھا اور پاکستان نے شعیب ملک کی قیادت میں 51 رنز سے فتح حاصل کی تھی۔