سرینگر//تعمیرات عامہ اور تمدن کے وزیر نعیم اختر نے کل کہا کہ مرکزی دیہی ترقی کی وزارت نے پردھان منتری گرام سڑک یوجنا کے تحت ریاست کے لئے 3300کروڑ روپے کی لاگت کے پروجیکٹوں کی منظوری دی ہے جنہیں اس سال ہاتھ میں لیا جائے گا۔پی ایم جی ایس وائی مرحلہ کے تحت مرکزی وزارت نے 3324.14کروڑ روپے کے 703 سڑکیں اور 73پلوں کی تعمیر کے پروجیکٹ منظور کئے ۔ان میں 2752کلومیٹر سڑکوں کو میکڈمائز کرنے اور 1870 کلومیٹر سڑکوں کو اَپ گریڈ کرنا بھی شامل ہے۔سڑک رابطوں میں بڑے پیمانے پر اقدامات کرنے کا ذکرکرتے ہوئے وزیر نے کہاکہ مرکزی وزارت نے 3087 میٹر لمبائی کے 73 بڑے پلوں کی تعمیر کا کام منظور کیا ہے۔اختر نے کہاکہ وزیرا علیٰ محبوبہ مفتی کی قیادت میں ریاستی حکومت نے پی ایم جی ایس وائی کے تحت ترقیاتی ایجنڈے سے وابستہ نئے پروجیکٹوں کی منظوری حاصل کی ہے ۔انہوںنے کہاکہ ان رابطوں کے پروجیکٹو ںکی بدولت ریاست کے دور دراز علاقوں میں رہنے والے لوگوں کوآمد رفت کی سہولیت میں اضافہ ہوگا بلکہ ان کی اقتصادی و سماجی حالت میں بھی بہتری آئے گی۔