سرینگر//مکانات و شہر ی ترقی کے وزیر ست پال شرما ، ملک کے موسمیاتی محکمے کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر کے جے رومیش اورسنٹر فار پیس اینڈ پراگرس کے چئیر مین او پی شاہ نے گورنر این این ووہرا کے ساتھ راج بھون میں ملاقات کی۔ست پال شرما نے گورنر کو ان کے ماتحت محکموں کے کام کاج اور چلائی جارہی مختلف سکیموں کے بارے میں جانکاری دی۔ گورنر نے ست شرما کو صلاح دی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ کسی بھی قصبے اور شہر میں کام کی اجازت کے بغیر کوئی بھی تعمیراتی کام ہاتھ میںنہیں لیا جانا چاہیئے اور ماسٹر پلان و دیگر قوانین پر سختی سے عمل کی جانی چاہئیں تاکہ وادی اور ریاست کے دیگر علاقوں میں قدرتی خوبصورتی کو برقرار رکھا جاسکے۔گورنر نے جھیل ولر ،جھیل ڈل اور نگین جھیل کی بگڑتی حالت کا ذکر کرتے ہوئے وزیر پر زور دیا کہ وہ ان خوبصورت آبی ذخائر کو تحفظ دینے کے لئے لازمی اقدامات کریں۔گورنر نے شہر بلدیاتی اداروں کے انتخابات بلا کسی تاخیر کے منعقد کرنے کی ضرور ت پر زور دیا۔ انہوںنے کہاکہ میونسپلٹیوں کے انتخابات 14برس پہلے منعقد کئے گئے اور اب 13ویں اور 14ویں مالی کمیشن کے مراعات سے ہمیں محروم ہونا پڑ رہا ہے۔ ادھر ڈاکٹر کے جے رومیش نے گورنر کو ریاست میں موسم کی پیش گوئی نظام ، سالانہ امر ناتھ جی یاترا کے سلسلے میں شردھالوؤں کو موسم کی جانکاری دلانے اور یاترا ویب پیج کے کام کاج سے جُڑے امور کے بارے میں جانکاری دی ۔ ڈی جی آئی ایم ڈی نے گورنر کو جانکاری دی کہ اُن کا محکمہ ریاست میں نشاندہی شدہ مقامات پر 4X بینڈ راڈار نصب کرانے کا منصوبہ رکھتا ہے ۔ گورنر نے یاتریوں کو وقت سے پہلے موسم کی جانکاری دلانے کی اہمیت کو اجاگر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ نئے راڈار نصب ہونے تک محکمہ کو خصوصی موسمیاتی بلٹین اور سیٹ لائیٹ امیجز جاری کرنے چاہئیں جن میں یاترا کے دونوں روٹوں کے موسم کی عکاسی ہو ۔ انہوں نے کہا کہ شرائین بورڈ اور دیگر ایجنسیوں کے فائدے کیلئے اس طرح کے بلٹنوں کو ہر آدھے گھنٹے کے بعد اپ ڈیٹ کیا جانا چاہئیے ۔ اس دوران او پی شاہ نے گورنر کو ریاست میں امن اور معمول کے حالات کی بحالی کے حوالے سے اپنے تاثرات سے آگاہ کیا ۔ انہوں نے وادی میں معمول کے حالات بحال کرنے کیلئے تمام متعلقین کے ساتھ بامعنیٰ مذاکراتی عمل شروع کرنے کی وکالت کی ۔ گورنر نے سنٹر فار پیس اینڈ پراگرس کی سرگرمیوں کی ستایش کرتے ہوئے اُن پر زور دیا کہ وہ عوام دوست اقدامات جاری رکھیں ۔