سرینگر //نیشنل کانفرنس کے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ جموں وکشمیر میں امن و امان اور جمہوریت کی بحالی میں نیشنل کانفرنس نے عظیم قربانیاں پیش کیں اور یہ جماعت اسی بات کی خواہاں رہی ہے کہ ریاست کے لوگ ترقی، خوشحالی اور امن و امان کی فضاء میں زندگی بسر کرسکے۔ پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ’ ہم سب پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ہم ریاست میں امن و امان کی بحالی کیلئے اپنا اپنا رول نبھائیں‘۔ انہوں نے کہا کہ امن و امن کی بحالی مشترکہ کوششوں سے ہی ممکن ہے اورہر کسی کو اپنی طرف سے پہل کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سازش کے تحت پنڈتوں کو کشمیر سے ہجرت کروائی گئی تاکہ مسلمانانِ کشمیر بدنام کیا جائے اور مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کیا جائے تاکہ ریاست کے اکثریتی لوگوں کی مضبوط آواز ہمیشہ کیلئے خاموش ہوجائے۔ کمال نے کہا کہ موجودہ پی ڈی پی۔ بھاجپا حکومت بھی اسی راہ پر گامزن ہے اور کشمیر کو جہنم زار بنانے کیلئے کوشاں ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاست اس وقت بھی مشکل ترین اور نازک دور سے کزر رہی ہے اور امن و قانون کی حالات دن بد سے بدتر ہورہے ہیں اس گھڑی ہم سب پر یہ ملی ذمہ داری عائد ہوتی کہ ہم ایک جٹ ہوکر ریاست جموں وکشمیر کو تباہی اور بربادی کے ماحول سے بچائیں۔ نیشنل کانفرنس ہمیشہ ریاست کے مشکل اور کٹھن دور میں عوام کے شانہ بشانہ رہی اور مصیبت کی ہر گڑی کا ڈٹ کر سامنا کیا۔