سری نگر//عید الفطر سے ایک روز قبل عرفہ کی صبح سے ہی وادی کے اطراف و اکناف میں اچانک موسم نے انگڑائی لی جس کے نتیجے میں کہیں ہلکی تو کہیںتیز بوندھا باندی ہوئی۔ اس دوران تازہ بوندھا باندی کے نتیجے میں عوام کو تپتی دھوپ سے کچھ حد تک راحت نصیب ہوئی۔ ادھر تازہ بارشیں ہونے کے ساتھ ہی وادی بھر کے کسانوں میںعید سے پہلے خوشی کی لہر دوڑ گئی اور انہیں امید ہے کہ تازہ بارشوں کے نتیجے میں فصلوں اور میوہ باغات میں نئی جان آجائے گی۔ جمعہ کی صبح سے ہی وادی کے شمال و جنوب میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جو رات دیر تک وقفے وقفے سے جاری تھا جس کے نتیجے میں موسم میں خوشگوار حد تک تبدیلی آئی ہے اور عوام کو تپتی دھوپ سے کچھ حد تک راحت محسوس ہوئی۔اس دوران شمالی کشمیر کے کپوارہ ، بارہمولہ اور بانڈی پورہ کے علاوہ جنوبی کشمیر کے کولگام، اسلام آباد، شوپیان اور پلوامہ کے علاوہ ووسطی کشمیر کے سرینگر، بڈگام اور گاندربل میں بھی دن بھر وقفے وقفے سے کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جو دیر رات تک جاری تھا۔ ادھر تازہ بارشوں کے نتیجے میں عوام بالخصوص کسانوں اور باغ مالکان میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے ۔ کسانوں اور باغ مالکان نے تازہ بارشیں ہونے کے نتیجے میں اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ بارشیں فصلوں اور میوہ باغات کے لیے سودمند ثابت ہوں گی اور اس کی وجہ سے فصلوں اور میوہ وغیرہ میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ ادھر عرفہ کے پیش نظر شہر اور وادی کے مختلف قصبہ جات میں لوگوں کی بھیڑ برستی بارش کے باوجود جاری رہی جس سے بازاروں میں لوگوں کا بھاری رش دیکھنے کو ملا۔ جبکہ برستی بارش میں رنگین چھتریوں کے نظاروں سے بازاروں کی رونق دوبالا ہوئی تھی۔