اقوام متحدہ//امریکہ نے اقوام متحدہ کی کونسل برائے انسانی حقوق کے ممبران پر 'منافق' ہونے اور کونسل کے اسرائیل مخالف ہونے کا الزام لگاتے ہوئے کونسل کی ممبرشپ چھوڑ دی ہے ۔بی بی سی کے مطابق امریکہ کی اقوام متحدہ میں سفیر نکی ہیلی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی کونسل برائے انسانی حقوق 'منافقانہ' ہے اور 'انسانی حقوق کا مذاق بنا' رہی ہے ۔ امریکہ نے اقوام متحدہ کی کونسل برائے انسانی حقوق پر اسرائیل مخالف ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس کونسل کا ممبر رہنے کے فیصلے پر نظرثانی کر رہا ہے ۔ اقوام متحدہ کی کونسل برائے انسانی حقوق 2006 میں قائم کی گئی تھی اور کونسل کو ان ممالک کو ممبران بنانے پر تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا تھا جن ممالک کے انسانی حقوق کے ریکارڈ پر سوال اٹھتے ہیں۔ اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل نے ایک بیان میں امریکی فیصلہ کے حوالہ س کہا ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ امریکہ کونسل کا ممبر رہے ۔ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے کمشنر زید رعد الحسین نے امریکی فیصلہ کو 'مایوس کن لیکن حیران کن نہیں' قرار دیا ہے ۔ یہ فیصلہ ایسے وقت کیا گیا ہے جب ٹرمپ انتظامیہ کی غیر قانونی طور پر امریکہ آنے والے تارکین وطن کو ان کے بچوں سے علیحدہ کرنے کی پالیسی کو شدید تنقید کا سامنا ہے ۔یو این آئی