نئی دہلی//کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے احمدآباد ضلع کوآپریٹیو بنک میں نوٹوں کی منسوخی کے دوران پانچ دنوں میں 745کروڑ 58لاکھ روپے جمع کرائے جانے کی خبر سامنے آنے کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر امت شاہ پر طنز کرتے ہوئے آج کہاکہ وہ اس بات کے لئے مبارکباد کے حقدار ہیں کہ ان کے اس بینک کے ڈائرکٹر رہتے اس بنک میں سب سے زیادہ رقم جمع ہوئی۔ گاندھی نے ٹوئٹ کیا کہ احمد آباد ضلع کوآپریٹیو بنک کے ڈائرکٹر امت شاہ جی پرانے تبدیل کرنے میں آپ کے بنک کو پہلا انعام جیتنے پر مبارکباد، پانچ دن میں تقریباََ750 کروڑ روپے نئے نوٹوں سے بدلے گئے ۔ایک دیگر ٹوئٹ میں انہوں نے کہاکہ نوٹوں کی منسوخی سے جن لاکھوں ہندستانیوں کی زندگی برباد ہوگئی وہ آپ کی اس کامیابی پر آپ کو سیلیوٹ کرتے ہیں۔خیا ل رہے کہ حق اطلاعات قانون کے تحت حاصل کی گئی اطلاع کے مطابق احمد آباد کوآپریٹیوبنک میں نوٹوں کی منسوخی کے دوران پانچ دنوں میں 745کروڑ 58لاکھ روپے جمع ہوئے تھے جو پورے ملک کے 370ضلع کوآپریٹیو بنکوں میں سب سے زیادہ ہے ۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ گجرات کے گیارہ ضلعی کوآپریٹیو بنکوں میں 3118کروڑ 51لاکھ روپے جمع ہوئے جن کے کرتا دھرتا بی جے پی کے اہم لیڈر تھے ۔ کانگریس کے میڈیا سیکشن کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس میں کہا کہ 2016 میں 10 نومبر سے 14 نومبر کے دوران ملک کے تمام کوآپریٹو بینکوں میں سے احمد آباد ضلع کوآپریٹو بینک میں سب سے زیادہ 745 کروڑ کے پرانے نوٹ جمع کرائے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر شاہ اس بینک کے ڈائریکٹر ہیں اور وہ پہلے چیرمین رہ چکے ہیں۔ انہوں نے اسے بڑا گھپلہ بتاتے ہوئے کہا کہ صرف گجرات کے 11 ضلع کوآپریٹو بینکوں میں 3118 کروڑ 51 لاکھ روپے جمع کرائے گئے جن کرتا دھرتا بی جے پی کے اہم لیڈر تھے ۔ ملک کے پانچ دن میں 370 ضلع کوآپریٹو بینکوں میں پرانے نوٹ جمع کیے گئے تھے ۔سرجے والا نے کہا کہ احمد آباد ضلع کوآپریٹو بینک کے صدر بی جے پی کے اہم لیڈر اجے پٹیل ہیں جو شاہ کے قریبی ساتھی بھی ہیں