سرینگر //صورہ اسپتال میں موت و حیات کی کشمکش میں رہنے والا ہیڈ کانسٹیبل حبیب اللہ ملک زندگی کی جنگ ہار گیا۔ ضلع پولیس لائنز سرینگر میں ایک تعزیتی تقریب منعقد ہوئی جس دوران پولیس کے اعلیٰ آفیسران نے حبیب اﷲملک کو خراج عقیدت ادا کیا اور تابوت پر گلباری کی ۔یاد رہے کانسٹیبل حبیب ا ﷲملک کرن نگر سرینگر میں جنگجوئوں کے حملے کے دوران زخمی ہوا تھا ۔جمعہ کوضلع پولیس لائنز سرینگر میں منعقدہ تعزیتی گلباری تقریب میں پولیس سربراہ ڈاکٹر ایس پی وید نے کانسٹیبل کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ پولیس اہلکار نے ڈیوٹی کے دوران ناقابل فراموش قربانی دی ہے ۔ تعزیتی تقریب میں اے ڈی جی پی آرمڈ اے کے چودھری ، ڈائریکٹر ویجی لنس ایس جے ایم گیلانی ، آئی جی کشمیر ایس پی پانی ، ڈی آئی جی سینٹرل کشمیر وی کے بردی ، ڈی آئی جی بی ایس او آپریشنز ہری لال ، ڈپٹی کمشنر سرینگر ، ایس ایس پی سرینگر کے علاوہ دیگر پولیس آفیسران نے شرکت کی ۔ پولیس آفیسران نے پولیس اہلکار کے ترنگے سے لپٹے تابوت پر گلباری کی اور خراج پیش کیا ۔ حبیب ا ﷲگھر کا واحد کفیل تھا اور اُس نے اپنے پیچھے 3بیٹیاں، 21سالہ رفعت آرا جس کی اگلے ہفتے شادی ہے ، دسویں جماعت میں زیر تعلیم انشاء ،چھٹی جماعت میں زیر تعلیم ربینہ کے علاوہ دو فرزند 26سالہ قیصر احمد لون اور 22سالہ غلام محی الدین کے علاوہ بیوہ اور معمر والدین کو چھوڑاہے۔ادھر کھرم اسلام آباد (اننت ناگ )میں جنگجوئوں کے ساتھ جھڑپ کے دوران مارے گئے پولیس اہلکار عاشق حسین کو ڈسٹرکٹ پولیس لائنز اننت ناگ میں ایک تقریب کے دوران خراج عقیدت ادا کیا گیا۔ پولیس سربراہ ڈاکٹر ایس پی وید کی سربراہی میں پولیس اور سیول انتظامیہ سے وابستہ آفیسران نے پولیس اہلکار کی میتپر پھول نچھاور کئے اور شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کیا ۔ تقریب میں آئی جی کشمیر رینج ایس پی پانی ، ڈی آئی جی جنوبی کشمیر امیت کمار ، ایس ایس پی اننت ناگ الطاف احمد خان ، ایس ایس پی کولگام ہرمیت سنگھ ، ایس پی آپریشنز اننت ناگ امیت پال ، اے ایس پی اننت ناگ طاہر اشرف ، ڈی ایس پی پی سی اننت ناگ رفیع راتھر کے علاوہ اعلیٰ پولیس آفیسران اور اہلکار موجود رہے ۔ پولیس آفیسران نے ترنگے سے لپٹے تابوت پر گلباری کی ۔