سرینگر//گورنر این این ووہرا جو شری امر ناتھ جی شرائین بورڈ کے چئیر مین بھی ہیں ، نے بورڈ کے سی ای او امنگ نرولہ کے ہمراہ شیش ناگ کا دورہ کر کے 28 جون سے شروع ہونے والی امر ناتھ جی یاترا کیلئے حفاظت سمیت دیگر انتظامات کا جائیزہ لیا ۔ انہوں نے کیمپ ڈائریکٹر اور دیگر عہدیداروں کو شیش ناگ یاترا کیمپ میں صفائی ستھرائی کا معقول انتظام کرنے اور بیت الخلا کو قابلِ کار رکھنے کی ہدایت دی ۔ گورنر نے پہلگام ہیلی پیڈ کا دورہ کر کے وہاں یاتریوں کیلئے تعمیر نئے ویٹنگ ہال کا افتتاح کیا ۔ انہوں نے اس سہولیت کے قیام کیلئے متعلقین کی سراہنا کی ۔ اس کے بعد گورنر نے مختلف افسران کے ہمراہ چندن واڑی کا دورہ کر کے کنٹرول گیٹ کے کام کا جائیزہ لیا ۔ انہوں نے وہاں لگائے جا رہے لنگر اور دیگر سہولیات کا بھی جائیزہ لیا ۔ چندن واڑی کے دورے کے بعد گورنر نے نون ون بیس کیمپ میں مختلف سلامتی ایجنسیوں کے افسران سے میٹنگ کی ۔ انہوں نے متعلقین کو تال میل کے ساتھ کام کر کے یاتریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے اور گاڑیوں کی آوا جاہی کی بلا خلل نقل و حمل کے احکامات دئیے ۔ گورنر نے واٹر سپلائی ، بجلی ، راشن اور دیگر سہولیات کو دستیاب رکھنے سمیت کوڑے کرکٹ کو مناسب ڈھنگ سے ٹھکانے لگانے کے احکامات دئیے ۔ انہوں نے لے آؤٹ پلان کو من و عن عملانے کے احکامات دئیے ۔ انہیں بتایا گیا کہ نون ون میں جدید طرز کا ایس ٹی پی اپ گریڈ کیا جا رہا ہے اور یاترا سے قبل ایم بی بی آر ٹیکنالوجی دستیاب کرائی جائے گی ۔ ادھرانڈین پولیس سروس کے 17 پروبیشنروں کے گروپ نے سرینگر میں گورنر این این ووہرا سے ملاقات کی یہ پروبیشنر 70 آر آر سے تعلق رکھتے ہیں اور ریاست کے سٹڈی ٹور پر ہیں ۔ اس موقعہ پر گورنر کے صلاحکار وجے کمار بھی موجود تھے ۔ افسران سے بات کرتے ہوئے گورنر نے انہیں ریاست کی سیکورٹی صورتحال کے بارے میں اپنے خیالات بانٹے ۔انہوں نے افسران کو اپنی ڈیوٹی تندہی اور ایمانداری سے انجام دینے کی تلقین کی ۔ گورنر نے انہیں ریاست کے مختلف خوبصورت مقامات کا دورہ کرنے کا مشورہ دیے ہوئے اُن کے مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔