بڈگام//ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام ڈاکٹر سحرش اصغر نے ضلع انتظامیہ کے افسران کے ساتھ ایک تعارفی میٹنگ کی اور ان کے ساتھ مختلف ترقیاتی کاموں اور بہبودی سکیموں کی پیش رفت کاجائزہ لیا۔اس موقع پر ترقیاتی کمشنرنے افسران کو بہتر عوامی خدمات کے لئے باہمی تال میل کے ساتھ کام کرنے پر زوردیا ۔ترقیاتی کمشنر نے فلیگ شِپ سکیموں اورطبی پیش رفت کے بارے میں افسران کو رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔مختلف انجینئرینگ شعبوں کی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے دوران ضلع ترقیاتی کمشنر نے افسران کو مزید جانفشانی اورلگن کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت دی تاکہ مقررہ وقت میں اہداف کو حاصل کیاجاسکے۔میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے ترقیاتی کمشنرنے کہا کہ ضلع میں ترقیاتی کاموںکی وسعت ،سرکاری معاونت والی سکیموں کی عمل آوری اور بہتر عوامی خدمات اُن کی اولین ترجیحات ہیں۔اس دوران انہوںنے ضلع کے سیاحتی مقامات کی بھرپور تشہیر کرنے پر زوردیا تاکہ ان اہم سیاحتی مقامات کو سیاحتی نقشے پر لایا جاسکے۔