نئی دہلی// پنجاب نیشنل بینک میں ہوئے تقریباً 13 ہزار کروڑ کے گھوٹالے کے اہم ملزم نیرو مودی کو ہندوستان لانے کی کوششیں تیز ہوگئی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق نیرو مودی کو پکڑنے کے لئے وزارت خارجہ میں مسلسل میٹنگیں چل رہی ہیں۔گزشتہ ہفتہ وزارت خارجہ کے افسران نے سی بی آئی اورای ڈی کے افسران کے ساتھ میٹنگ کی۔ اس میٹنگ کے دوران سوال اٹھائے گئے کہ فروری میں پاسپورٹ منسوخ ہونے کے باوجود نیرومودی کیسے ایک سے دوسرے ملک میں گھوم رہا ہے۔ذرائع کے مطاق صرف پاسپورٹ منسوخ ہونے پرگرفتاری نہیں کی جاسکتی ہے۔ کئی ملک اسے نہیں مانتے ہیں۔ حالانکہ یہ ملک انٹرپول کے ذریعہ جاری کئے گئے ریڈ کارنر نوٹس کو ضرورمانتے ہیں، لیکن ابھی تک ریڈ کارنر نوٹس جاری نہیں کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ انٹرپول کے ذریعہ جاری کیا گیا ریڈ کارنر نوٹس کسی بھی مجرم کو پکڑنے کے لئے پوری دنیا میں درست عمل ہے۔