پونچھ//ڈپٹی کمشنر پونچھ محمد اعجاز کی تنبیہ کے باوجود ضلع پونچھ میں مواصلاتی نظام میں واضح سدھار نہیں آیا اور خاص طور پر بھارت سنچار نگم لمیٹیڈ کی طرف سے انتہائی ناقص خدمات فراہم کی جارہی ہیں جس پر صارفین برہم ہیں ۔مقامی صارفین کاکہناہے کہ اگر چہ کئی مرتبہ بی ایس این ایل انتظامیہ کو اس سلسلے میں مطلع کیا گیالیکن سروس میں بہتری نہیں لائی جارہی اور انہیں پریشان کیاجارہاہے ۔انہوں نے کہا کہ بی ایس این ایل برائے نام ہے جبکہ باقی کمپنیوں کی جانب سے لوگوں کو انٹر نیٹ اور دیگر سہولیات دستیاب کی جا رہی ہیں۔ایک صارف سہیم جعفر نے کہا کہ بی ایس این ایل کی سروس بالکل ناکارہ ہوکر رہ گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ لوگوں نے گھروں میں لینڈ لائین لگا رکھے ہیں اور انٹر نیٹ کی سروس کے لئے وائی فائی سسٹم لگائے گئے ہیں تاہم وقت پر سروس ہی خراب ہوجاتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بی ایس این ایل کی ناقص سروس سے تنگ آکر لوگ سڑکوں پر اتر نے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ایک اور صارف عبدالرشید شاہپوری نے کہا کہ نیٹ ورک کا ڈھونگ رچا کر لوگوں کو لوٹا جا رہا ہے لیکن سروس بالکل خراب ہے۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر سے اپیل کی کہ وہ اس کمپنی کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائیں ۔