جلال کبریا تم ہو جمالِ مصطفیؐ تم ہو
شہنشاہِ ولایت اے علیٔ مرتضٰیؑ تم ہو
تم ہی مولود کعبہ ، قبلۂ ا ہلِ صفا تم ہو
نشانِ اہل حق ہو ناشرِ دین ہدیٰ تم ہو
چراغِ ہاشمی ہو مشعلِِ خیرالوریٰؐ تم ہو
ضیائے پنجتنؑ ہو، شوہرِ خیر النساء تم ہو
رضائے حق تعالیٰ ہیں محمد مصطفیؐ جیسے !!
میرے مولاؑ اسی صورت رضائے مصطفیؐ تم ہو
بھلا وہ کس طرح گھبرائے دنیا کے حوادث سے
وہ جس پہ مہرباں تم ہو، وہ جس کا آسرا تم ہو
شجاعت اور سخاوت بس تمہی پر ناز کرتی ہے
کہیں شیرِ خدا تم ہو، کہیں بحرِ سخا تم ہو
امام الانبیاؐ ہیں بالیقیں سرکار دو عالمؐ
امام لااولیا اور اہل حق کے پیشوا تم ہو
گرا کے بامِ کعبہ سے بتوںکو کر دیا ظاہر
خلیلی عزم کے وارث ہو، دیں کے رہنما تم ہو
تمہاری شان میں ’ من کنت مولا‘ کی حدیث آئی
میرے مولاؑ، میرے آقا، میرے مُشکلکشا تم ہو
تمہارے واسطے ڈوبا ہوا سورج پلٹ آیا
یقینا فکرِ آثمؔ کی حدوں سے ماوریٰ تم ہو
بشیر آثمؔ
باغبان پورہ لعل بازار، سرینگر
موبائل نمبر؛09829340787