سرینگر //جمعیت اہلحدیث کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر عبداللطیف الکندی نے کہا ہے کہ مکہ مکرمہ سے ہی انسانیت کی نجات ،امن عالم کا خاکہ اور تحفظ انسانیت کا چارٹر اقوام عالم کو ملا اور آج بھی حجاج کرام امن کے سفیر بن کر دنیا میں اسی امن کی منادی کررہے ہیں مگرافسوس کا مقام ہے کہ جنہوں نے دنیا کو امن و امان اور عدل و انصاف کی اصطلاحوں سے روشناس کرایا وہی آج دنیا بھرمیںامن کے لئے ترستے ہیں اور ان کی شبیہ دنیا بھر میں دہشت ، خوف و حراس کی علامت کے طور پر پیش کی جاتی ہے۔ ڈاکٹر الکندی جامع اہلحدیث گاؤکدل میں جمعہ اجتماع سے خطاب کررہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف معصوم بچے درندگی کا شکار بن رہے ہیں تو دوسری طرف چارسالہ اور پانچ سالہ بچیاں اپنی عصمتیں بلکہ جانیں تک گنوارہی ہیںاور آج بھی کپواڑہ کے کمسن طالب علم کو گھر سے اغوا کرنے کے بعد بے دردی سے لقمہ اجل بنادیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے میںحج کے مبارک موسم نے ایک دفعہ پھر امت مسلمہ کے قلب و جگر میں اُمید کی ایک اور کرن جگا دی ہے اور اقوام عالم کو اس عظیم عالمگیر اجتماع سے مظلوم اقوام کے وقار کی بحالی کے طور پر ایک سنگ میل کے طور پر لینا چاہئے تاکہ ظلمت کے بادل چھٹ جائیں۔