سرینگر//گورنر این این ووہرا نے ریاست میں سرکاری ، پنچایت اور جنگلاتی اراضی پر ناجائیز تجاوزات کا جائیزہ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے لیا ۔ اس موقعہ پر فائنانشل کمشنر مکانات و شہری ترقی کے بی اگروال نے حکومت کی طرف سے اٹھائے جا رہے اقدامات کی تفصیل پیش کی گئی ۔گورنر نے حکومت ، پنچایت اور جنگلاتی اراضی کے 18 لاکھ کنال سے زائد ناجائیز تجاوزات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ۔ گورنر نے ریاست میں تمام ضلع کلکٹروں کو ہدایت دی کہ وہ سٹیٹ ، جنگلات اور پنچایتی اراضی کے علاوہ جھیل ڈل ، جھیل وُلر ، نگین و دیگر آبی ذخائیر، شاہرائیں اور سڑکوںپر تمام تجاوزات کی تفصیلی میپنگ کریں ۔ گورنر نے ڈویژنل کمشنر کشمیر اور ڈویژنل کمشنر جموں کو ہدایت دی کہ وہ 31 جولائی 2018 تک اس سلسلے میں تمام تفصیلات انہیں پیش کریں ۔ گورنر نے ضلع کلکٹروں سے کہا کہ وہ دستیاب ٹیکنالوجی کا بھر پور استعمال کر کے مکمل طریقے سے تیار کئے گئے ڈاٹا بیس تفصیلات حکومت کو پیش کریں ۔ گورنر نے چیف سیکرٹری کو ہدایت دی کہ وہ محکمہ مال کی طرف سے جاری کی گئی ہدایات کی روشنی میں تمام متعلقین کو ناجائیز تجاوزات ختم کرنے اور اس سلسلے میں ضروری قانونی کاروائی عمل میں لانے کو یقینی بنائیں ۔ اس موقعہ پر گورنر کے مشیر خورشید گنائی نے تجویز پیش کی کہ ناجائیز تجاوزات سے متعلق تمام معاملات کیلئے ایک خصوصی عدالت /ٹربیونل تشکیل دیا جائے تا کہ تجاوزات کو ہٹانے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی سرزد نہ ہو ۔ گورنر نے دونوں صوبائی کمشنروں کو ہدایت دی کہ جب انہیں ضلع کلکٹروں سے ڈاٹا بیس رپورٹ موصول ہوں وہ 15 اگست 2018 تک بڑے پیمانے پر عمل میں لائی گئی تجاوزات کی فہرست تیار کریں جو بالخصوص قومی شاہراہوں ، بڑی سڑکوں ، عوامی مقامات اور کاروباری جگہوں پر واقع ہوئی ہوں ۔گورنر نے صوبائی کمشنروں کو مزید ہدایت دی کہ وہ ڈپٹی کمشنروں کے ذریعے ناجائیز تجاوزات کو روکنے کیلئے رِبن ڈیولپمنٹ ایکٹ اور دیگر قانونی طریقے اپنائیں ۔ انہوں نے پولیس محکمے کو ہدایت دی کہ وہ ناجائیز تجاوزات کو ہٹانے کے موقعے پر مناسب سیکورٹی کا انتظام کریں ۔ گورنر نے چیف سیکرٹری کو ہدایت دی کہ وہ ریاست میں لینڈ ریکارڈز کی ڈیزٹائیزیشن کے عمل کا جائیزہ لیں۔ گورنر نے اس موقعہ پر کہا کہ وہ 20 اگست 2018 کو ایک اور میٹنگ کے دوران حاصل کئے گئے نتایج کا جائیزہ لیں گے ۔ گورنر کے مشیر بی بی ویاس ، کے وجے کمار اور خورشید احمد گنائی ، چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم ، فائنانشل کمشنر مکانات و شہری ترقی کے بی اگرال ، ڈی جی پی ڈاکٹر ایس پی وید ، گورنر کے پرنسپل سیکرٹری امنگ نرولہ ، پی سی سی ایف روی کیسر ، چئیر مین پلیوشن کنٹرول بورڈ بی سدھارتھا کمار ، محکمہ داخلہ کے پرنسپل سیکرٹری آر کے گوئیل ، محکمہ مال کے سیکرٹری شاہد عنایت اللہ ، ڈویژنل کمشنر کشمیر بصیر خان ، ڈویژنل کمشنر جموں سنجیو ورما بذریعہ ویڈیو کانفرنس ، کمشنر سیکرٹری امور قبائل راج کمار بھگت ، کمشنر سیکرٹری پی ڈبلیو ڈی خورشید احمد شاہ ، آئی جی پی جموں بذریعہ ویڈیو کانفرنس ایس ڈی ایس جموال ، آئی جی پی کشمیر ایس پی پانی و دیگر اعلیٰ افسران نے میٹنگ میں شرکت کی ۔ ادھرمحکمہ موسمیات کے مطابق 22 اور 23 جولائی 2018 کو صوبہ جموں کے مختلف علاقوں میں بھاری بارشوں اور کشمیر صوبے میں درمیانی درجے کی بارشیں ہوں گی ۔ لداخ خطے میں ان دنوں کے دوران ہلکی بارشوں کا امکان ہے ۔