سرینگر /23جولائی /گاندربل پولیس نے ضلع پولیس آفس میں کراٹے ایسو سی ایشن سے وابستہ کھلاڑیوں کے ساتھ خواتین کو بااختیار بنانے کے بینر تلے میٹنگ منعقد کی ۔ ایس ایس پی گاندربل فیاض احمد لون کی سربراہی میں منعقدہ اس میٹنگ میں ڈی ایس پی ہیڈ کواٹر عاشق حسین اور کراٹے ایسو سی ایشن گاندربل کے کوچ جنرل سیکریٹری مجاہد یعقوب بھی موجود رہے ۔ ایس ایس پی گاندربل نے اس موقعے پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ کھیل کود جسمانی نشود نما کے ساتھ ساتھ نفسیاتی طورپر ہمیں کامیابی کو ناکامی پر سبقت دینے کا درس دیتا ہے۔انہوں نے کہاکہ خواتین کی با اختیارت آج کی دنیا میں ضروری ہے کیونکہ وہ مختلف شعبوں میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ دور میں خواتین پر تنگ طلب کرنا اب معمول بن گیا ہے جس کیلئے خواتین کو اپنی حفاظت آپ کرنے کی خاطر کراٹے سیکھنے کی ضرورت ہے۔ انہوںنے کہاکہ خواتین کو چاہئے کہ وہ خود کو کمزور نہ سمجھیں بلکہ آنے والی ہر مشکل کا سامنا کرنے کیلئے انہیں اس قابل بننا ہوگا کہ وہ خود اپنا دفاع کرپائیں۔ ایس ایس پی نے کہاکہ سماج کی بہتری کیلئے خواتین کو کھیل کود میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے لینا چاہئے تاکہ وہ بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکیں۔